متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے تعلق رکھنے والے پہلے عرب خلاباز سلطان النیادی ناسا کے طویل المدتی خلائی مشن میں 6 ماہ گزارنے کے بعد 4 ستمبر بروز پیر زمین پر واپس پہنچیں گے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا نے بتایا ہے کہ اماراتی خلا باز کا سفر اتوار کو 3 بجکر 5 منٹ پر شروع ہوگا اور وہ پیر کی صبح 8 بجکر 7 منٹ پر زمین پر واپس پہنچیں گے۔
النیادی ناسا کے خلابازوں اسٹیفن بوون اور ووڈی ہوبرگ کے ہمراہ 2 مارچ کو کینڈی سپیس سٹیشن سے بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ وہ ’اسپیس واک‘ کرنے والے عرب دنیا کے پہلے خلا باز ہیں۔
اپنے خلائی مشن کے دوران النیادی نے 200 سے زائد تجربات کیے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا:
’ہم نے اس مشن کو کریومیٹس (خلائی عملے) کے طور پر شروع کیا لیکن اب ہم بھائی ہیں۔ پچھلے 6 ماہ کے دوران مجھے ایک نیا خاندان ملا جس کے ساتھ میں نے مہارت، روایات اور ثقافتوں کا تبادلہ کیا اور ناقابل فراموش لمحات تخلیق کرتے ہوئے خوبصورت اور چیلنجنگ وقت کا تجربہ کیا‘۔
سلطان النیادی کی واپسی کا سفر ناسا اور محمد بن راشد اسپیس سینٹرکی ویب سائٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
زمین پر واپس پہنچنے کے بعد النیادی کو امریکا میں کئی روز تک طبی معائنے، تجزیے اور مشن کے بارے میں سوالات کے سیشنز سے گزرنا پڑے گا جس کے بعد وہ اپنے وطن متحدہ عرب امارات جائیں گے۔
اماراتی خلاباز سلطان النیادی نے 14 اگست کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے ذریعے پاکستانی عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد بھی دی تھی۔
انہوں نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں بشمول متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر پاکستانیوں کو مبارک دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صدیوں سے ساتھ رہ رہے ہیں اور ہم نے ایک دوسرے کی ثقافت سے بہت کچھ سیکھا ہے۔