ڈیرہ بگٹی: جرگے نے بگٹی قبیلے کے 2 افراد کے قاتلوں کو معاف کر دیا

اتوار 3 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈیرہ بگٹی کے علاقے شکارپور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد کے قتل اور 2 کو اغوا کرنے والے ملزمان کو جرگے نے معاف کر دیا۔

جرگے کا انعقاد بلوچستان کے علاقے سوئی میں ہوا، جہاں شکارپور سے سردار تیغو خان تیغانی قبائلی معتبرین کے ہمراہ نواب ہاؤس سوئی پہنچے، سردار تیغو خان تیغانی نے بگٹی قبیلے کے 2 افراد کے قتل اور 2 افراد کے اغوا کے واقعہ پر بگٹی نواب سے معذرت کی۔

جرگے میں بگٹی قبیلے سے جلال خان کلپر سمیت دیگر وڈیرے اور ہزاروں افراد شریک ہوئے، بگٹی قبیلے کے معتبرین نے سردار تیغو خان تیغانی کی سفارش پر ڈاکوؤں کو 2 افراد کا قتل اور 2 افراد کو اغوا کرنے کا جرم معاف کر دیا۔

واضح رہے کہ شکارپور سندھ میں 20 روز قبل بگٹی قبیلے کے ٹرک ڈرائیور بہادر خان اور علی بگٹی کو ڈاکوؤں نے قتل کر دیا تھا۔

اس کے علاوہ ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر 2 ٹرک ڈرائیوروں محمد حسین اور گاڑو خان کو اغوا بھی کیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقوں میں آج بھی جرگہ سسٹم رائج ہے، کسی بھی جرم کی صورت میں جرگے کا فیصلہ حتمی مانا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp