نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دینے پر زور

پیر 4 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دے کر حکومتی اخراجات میں کمی لائی جا سکتی ہے، موٹرویز اور شاہراہوں کی تعمیر کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ ناگزیر ہے، اس سے روابط میں بہتری آئے گی اور قومی اتحاد مضبوط ہوگا۔

پیر کو ہونے والے پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے حکام کو ہدایت کی کہ ملک کے مغربی علاقوں کو مشرقی علاقوں تک بہتر رسائی دینے کے لیے ’ایسٹ ویسٹ کنیکٹیویٹی‘ کے حوالے سے پلان پیش کریں۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کے حوالے سے مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں حکام کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ گزشتہ 2 برس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 646 ارب روپے کے منصوبے شروع کیے گئے، حکومت کو 150 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

حکام نے وزیراعظم کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے، سکھر حیدرآباد موٹروے، کھاریاں راولپنڈی موٹروے، کراچی سرکلر ریلویز اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ ہماری اہم کامیابیاں ہیں۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور برآمدی شعبے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی حکومتی اور نجی سیکٹرز پارٹنرشپ کے حوالے سے آگاہی بڑھانے، تربیتی پروگرامز اور استعداد بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp