چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر نے ازبکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ آرمی چیف نے اپنے دورے کے دوران ازبکستان کے صدر، وزیر دفاع، ازبکستان کی اسٹیٹ سیکیورٹی سروس کے چیئرمین اور سیکریٹری سے ملاقاتیں کی ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے ملاقاتوں کے دوران باہمی تربیتی تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو بڑھانے پر زور دیا۔
آرمی چیف نے ازبکستان کی ملٹری فورسز کی تربیت، تیاری کے معیار اور علاقائی سلامتی کے امور کے بارے میں ان کی کاوشوں کو سراہا۔
چیف آف آرمی اسٹاف کا وزارت دفاع پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا گیا اور چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آرمی چیف نے تاشقند میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے سرکاری دورے کا مقصد دوطرفہ فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔