ورلڈ کپ 2023: آسٹریلیا نے اپنے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

بدھ 6 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے آسٹریلیا نے اپنے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے حتمی اسکواڈ کا اعلان 28 ستمبر کو کیا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ابتدائی اسکواڈ میں دیے گئے ناموں میں کپتان پیٹ کمنز، شین ایبٹ، آشٹن آگر، ایلکیس کیری، کیمرون گرین اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، مچل مارش، گلین میکسویل، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، مارکوس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زمپا بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

ایرون ہارڈی، فاسٹ بولر نیتھن ایلیس اور اسپنر تنویر سنگھا تینوں آلراؤنڈرز کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے، جبکہ ٹیسٹ اسٹار مارنس لیبوشین کو بھی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

فاسٹ بولر پیٹ کمنز ایک بار پھر کپتانی کے فرائض سنبھالیں گے، جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک اپنے تجربے سے ان کو سپورٹ دیں گے۔

شین ایبٹ کو نیتھن ایلیس کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ آشٹن آگر اور ایڈم زمپا ٹیم کی اسپنر سائیڈ کو سنبھالیں گے۔

آسٹریلیا کی جانب سے بلے بازوں میں ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ کو ٹاپ آرڈر میں استعمال کیے جانے کا امکان ہے اور آل راؤنڈر مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس اور کیمرون گرین مڈل آرڈر میں اپنی بہترین بلے بازی کے جوہر دکھائیں گے۔

چیف سلیکٹر کرکٹ آسٹریلیا جارج بیلی کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز، اسٹیو اسمتھ، میچل اسٹارک اور گلین میکسویل کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہو رہے ہیں، تمام کرکٹرز انڈیا کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے پرامید ہیں۔

جارج بیلی کا کہنا ہے کہ حتمی اسکواڈ کے اعلان سے قبل جنوبی افریقا اور انڈیا کے خلاف 8 ون ڈے میچز ہیں، جو ٹورنامنٹ سے قبل کمبی نیشن کو بنانے کا بہترین موقع ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp