کیا بھارت کو پاکستان کے ساتھ کھیلنے اور ہارنے سے ڈر لگتا ہے؟ نجم سیٹھی

بدھ 6 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کے شیڈول میں اچانک تبدیلی کرنے پر ایشین کرکٹ کونسل اور بی سی سی آئی سے سوال کرتے ہوئے کہاکہ کیا بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے ڈرتا ہے یا بھارت کو اپنی ہار سے ڈر لگتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے لکھا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو اچانک آگاہ کیاکہ بارش کی پیشگوئی کی وجہ سے سپر فور میں ہونے والا پاک بھارت میچ کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ایک گھنٹے کے اندر ہی انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور میچ کولمبو میں ہی کروانے کا اعلان کر دیا۔ نجم سیٹھی نے سوال کیا کہ یہ ہو کیا رہا ہے؟ کیا بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے ڈرتا ہے یا ہارنے سے ڈرلگتا ہے؟

پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے موسم کی پیش گوئی کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ کولمبو اور ہمبنٹوٹا میں محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ای میل کی اور آئندہ میچ کولمبو کے بجائے ہمبنٹوٹا میں ہونے کے بارے میں آگاہ کیا لیکن کچھ ہی دیر بعد اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور میچز دوبارہ کولمبو میں ہی ہونے کی تصدیق کی۔

پاکستان اور بھارت کا میچ 10 ستمبر کو کولمبو میں شیڈول ہے، جہاں دونوں ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی لیکن بارش کی پیش گوئی کے باعث میچ ایک بار پھر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp