ایسے الیکشن ہوں جس پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے، حمزہ شہباز

بدھ 6 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یادگار شہداء پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے لیگی رہنما حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یومِ دفاع کے موقع پر بطور پاکستانی شہداء سے اظہار یکجہتی کرنے آئے ہیں، اس ملک کے قیام کو 75 سال ہوگئے، آئے روز بلوچستان میں آپریشن میں ہمارے جوان شہید ہوتے ہیں۔

’9 مئی ملک کے خلاف ایک بغاوت تھی، آج میں شہیدوں کی ماؤں سے بچوں سے اظہار یکجہتی کرنا چاہتا ہوں۔ شہید ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔‘

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی ہے، وہ مہنگائی کا دفاع کریں گے تو زیادتی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روز سوچتے ہیں غریب آدمی کیسے بجلی کا بل ادا کرتا ہوگا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کے معاہدے سے روگردانی کرتے ہوئے پیٹرول 100 روپے سستا کردیا۔

’75 سال میں ہم نے معاشی تسلسل نہیں رکھا، ہمارے ہمسائے میں ممالک ترقی کی منازل طے کررہے ہیں، ہمارا ملک زرعی ملک ہے، ہم اپنے صحرا کو سبز کرسکتے ہیں، ہم کالا باغ ڈیم بناتے تو ڈالر کماتے، دیامیر بھاشا ڈیم سیاست کی نذر ہوگیا۔‘

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج ماحول میں عدم برداشت ہے۔ بروقت الیکشن کا انعقاد ضروری ہے تاہم فری اور فیئر الیکشن کے لیے مردم شماری کو مد نظر رکھنا ہو گا۔

’ایسے الیکشن ہوں جس پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے، ملک کا مستقبل جمہوریت میں پنہاں ہے۔‘

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ قائدِ مسلم لیگ نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن بھی ایک ناسور ہے جسے ختم ہونا چاہیے، انہوں نے ایک پائی کی کرپشن کی ہو تو سامنے لائی جائے۔

’ن لیگ کی مرکزی قیادت میں نواز شریف سے لے کر ہر شخص کو گرفتار کیا گیا لیکن ن لیگ کا ہر شخص بری ہوا ہے۔‘

حمزہ شہباز نے تمام سیاسی جماعتوں کو  مشترکہ طور پر 10 سالہ منصوبہ تشکیل دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس وقت نہیں بچا ہے، اس دس سالہ منصوبے کو آئینی تحفظ ہونا چاہیے۔

’ہم نے پورے صوبے میں عوام کو سستا آٹا فراہم کیا تھا، 100 یونٹ مفت بجلی کے منصوبے کو سیاست کی نذر کردیا گیا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp