ڈالر کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور دیگر جرائم مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

بدھ 6 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے ڈالروں کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اورمنظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پرکریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔فرنٹئیر کور بلوچستان نے چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈالروں کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اورمنظم جرائم کی سرپرستی کرنے والے اور اس میں سہولت کاری میں ملوث سرکاری اہلکاروں کی نشاندہی ہورہی ہے، اورا ن کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق غیرقانونی اقتصادی ومعاشی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی مکمل فہرستیں تیار ہیں اوران کے خلاف بڑے پیمانے پرکریک ڈاؤن جاری ہے۔

’ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدرمیں مسلسل کمی کے تناظرمیں ڈالروں کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اورمنظم جرائم میں ملوث عناصر اوربلیک مارکیٹ کے خلاف بڑے پیمانے پرانتظامی کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔

حکومت نے غیرمجاز منی چینجرز اورملک میں مالیاتی جرائم میں مصروف عمل دیگر مافیاز کے خلاف سخت ایکشن کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ اس حوالہ سے بڑے پیمانے پر پالیسی اصلاحات بھی متعارف کرائی جارہی ہیں۔ ان اصلاحات کے تحت اشیا اورکرنسی کی تجارت کو تبدیل کیا جائے گا۔

فضائی، زمینی اور سمندری راستوں کی نگرانی کا نظام بہترکردیا گیا ہے اورکرنسی واشیائے ضرویہ کی غیرقانونی نقل وحمل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دریں اثنا نگران وزیرداخلہ سینیٹرسرفرازبگٹی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہاہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایات پر ملک بھرمیں اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مہم کا آغاز کردیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ فرنٹئیر کور بلوچستان نے افغانستان کو چینی کی اسمگلنگ کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بنادیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp