سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے ریڈیو پاکستان کی اراضی لیز پر دینے سے متعلق تفصیلات آئندہ اجلاس میں طلب کرلیں، قائمہ کمیٹی کو ریڈیو پاکستان کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور کمیوٹیشنز کی ادائیگی، حکومتی اشتہارات کے اخراجات اور انفارمیشن سروسز اکیڈمی کے آپریشنز، فنکشنز اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس کمیٹی کی کنوینیئر فوزیہ ارشد کی زیر صدارت بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، اراکین کمیٹی سینیٹرز سید وقار مہدی، انور لال دین، طاہر بزنجو، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں ملک کے میڈیا منظر نامہ سے متعلق اہم مسائل پر غور کیا گیا جبکہ سینیٹر سید وقار مہدی نے ریڈیو پاکستان کی اراضی، اثاثوں کے استعمال اور اس کی نجکاری کے معاملات کی تحقیقات کے لیے خصوصی طور پر تشکیل دی گئی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔
ریڈیو کے ریٹائر ملازمین کو پنشن ادائیگی کی رپورٹ پیش
ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان نے ریڈیو کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشنز اور کمیوٹیشن کے معاملے پر رپورٹ پیش کی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اپریل، مئی، جون اور جولائی کے مہینوں کی پنشنز ریڈیو پاکستان کے ریٹائرڈ ملازمین کو ادا کر دی گئی ہیں لیکن کمیوٹیشنز کی مد میں 1.25 ارب روپے کی رقم باقی ہے۔
وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان نے کمیٹی کو ریڈیو پاکستان کی زمین لیز پر دینے کے حوالے سے جاری پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ اس ضمن میں بات چیت جاری ہے جبکہ قیمتوں کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔ کمیٹی نے متوقع معاہدے کی شرائط و ضوابط، لیز پر دی جانے والی زمین کے مقام اور قیمتوں کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کرنے پر زور دیا۔
اشتہارات کے اجرا کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ
اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ یہ معاہدہ حکومت سے حکومت کا ہوگا۔ کمیٹی کو وفاقی حکومت کے اشتہارات کے اخراجات کے بارے میں تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو یکم مارچ 2022 سے 31 اگست 2023 تک الیکٹرانک، پرنٹ، ڈیجیٹل اور آﺅٹ ڈور اخراجات کی تفصیلات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر فوزیہ ارشد نے اس بات پر زور دیا کہ اشتہارات بلا تفریق تقسیم کیے جانے چاہییں۔
وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا اشتہارات کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کا عزم
نگراں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے دور میں اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کا عہد کیا۔ اسلام آباد میں انفارمیشن سروسز اکیڈمی کے آپریشنز، فنکشنز اور کارکردگی کے بارے میں کمیٹی کو جامع بریفنگ دی گئی۔
متعلقہ حکام نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ انفارمیشن سروسز اکیڈمی وہ واحد ادارہ ہے جو سرکاری اداروں اور پرائیویٹ میڈیا پروفیشنلز کو مختلف بیٹس میں تربیت فراہم کرتا ہے جبکہ یہ ادارہ جدید ترین سہولیات اور اسٹوڈیوز سے لیس ہے۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ اکیڈمی اعلیٰ درجے کے نجی اور سرکاری اداروں سے ماہرین کی خدمات حاصل کرتی ہے جن میں اہل اور تجربہ کار حاضر سروس اور ریٹائرڈ ماہرین بھی شامل ہیں۔