ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے توشہ خانہ کے تحائف میں جعلی رسیدوں کے استعمال سے متعلق کیس میں عمران خان کی بیوی بشرٰی بی بی کی 12ستمبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی ہے۔
بشرٰی بی بی اپنے وکلا سلمان صفدر،انتظار پنجوتھا اور نعیم پنجوتھا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جہاں ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی۔
بشرٰی بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے میں بلا کر تین تین گھنٹے بٹھایا جاتا ہے۔ تفتیش کے دوران بتایا بھی گیا کہ آڈیو بشرٰی بی بی کی نہیں۔ اس موقع پرجج طاہرعباس سپرا بولے؛ معاملہ رسیدوں کا ہے تو آڈیو کہاں سے آگئی، ایف آئی آر کے مطابق کیس کو لے کر چلیں۔
ایف آئی اے کے تفتیشی افسرنےعدالت کو بتایا کہ بشرٰی بی بی کی مبینہ لیکڈ آڈیوکال فورینزک تجزیہ کے لیے بھیجی ہے، وائس میچنگ کے لیے وقت دیا جائے۔ بشرٰی بی بی کی گرفتاری مطلوب ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے وائس میچنگ کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی۔