آئی ایم ایف کا بجلی بلوں پر ریلیف: ‘لینا ہے تو لو ورنہ رہنے دو’

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان عوام جہاں ملک بھر میں سراپا احتجاج ہیں، وہیں ان کی نظریں آج بھی حکومت کی جانب سے ریلیف کی منتظر ہیں۔ اسی دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک خبر گردش کر رہی ہے جس کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستانیوں کو بجلی بلوں میں 15 ارب روپے کا ریلیف دینے پر راضی ہو گیا ہے۔

صحافی شہباز رانا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئےلکھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کے بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں 3ماہ کے لیے توسیع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ بدلے میں پاکستان کو جولائی سے گیس کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ اور بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کرنا ہوگا۔

 


گیس کے بلوں میں اضافے کی شرط کے ساتھ ریلیف کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے تبصروں کا انبار لگا دیا ، کسی نے یہ ریلیف واپس لینے کا مطالبہ کرڈالا تو کسی نے سوال پوچھا کہ کیا اس کو ریلیف ہی کہتے ہیں؟ اسی حوالے سے صارف نادر ممتاز نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اچھی خبر ہے یا بری؟


بجلی کے بلوں میں ریلیف کے حوالےسے آئی ایم ایف کی اس شرط پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ہم تو نماز بخشوانے چلے تھے یہ تو روزے ساتھ لے آئے۔


آئی ایم ایف کی جانب سے آئے روز نئی شرائط لاگو کرنے کے مطالبے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صارف نے لکھا کیا ہم ایک آزاد ملک ہیں؟ لگتا ہے کہ آئی ایم ایف ایک نئی ایسٹ انڈیا کمپنی ہے لیکن ہمیں بچانے کے لیے کوئی گاندھی نہیں آئے گا۔


ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا لینے کے دینے پڑ گئے ہیں۔


صحافی شہباز رانا نے اپنی خبر پر تبصرہ کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے لکھا ’لینا ہے تو لو ورنہ رہنے دو‘۔


واضح رہے کہ اس حوالے سے وفاقی کابینہ مؤخر ادائیگیوں اور ریلیف کے لیے حتمی منظوری دے گی۔ واضح رہے کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف صرف اگست کے بلوں کے لیے ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp