موبائل فون کی قسط ادا نہ کرنے پر خاتون فائرنگ کا نشانہ بن گئیں

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے بہار کالونی میں موبائل فون کی قسط جمع نہ کرانے پر فائرنگ کے ایک واقعہ میں 27 سالہ خاتون زخمی ہوگئی ہیں۔

تھانہ چاکیواڑہ پولیس کے مطابق 3 ہزار روپے ماہانہ قسط نہ دینے پر موبائل فون ڈیلر نے فائرنگ کرکے بہار کالونی کی رہائشی شاہ تاج کو زخمی کردیا ہے۔

پولیس نے اقدام قتل کی دفعات کے تحت دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ خاتون کو گولی لگنے کے بعد شوہر نے اسپتال منتقل کیا تھا، ملزمان فائرنگ کے بعد اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔

زخمی خاتون شاہ تاج نے سول اسپتال کراچی میں پولیس کو اپنا ابتدائی بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔ جس کے مطابق وہ جب گھرپہنچیں تو ملزمان گھر پر پہلے سے موجود تھے۔ انہوں نے موبائل فون کی واجب الادا قسط کی ادائیگی کا تقاضا کیا۔

شاہ تاج کے بیان کے مطابق انہوں نے ملزمان سے کہا کہ حالات خراب ہیں تھوڑا صبر کر لیں۔ جس پر ایک ملزم نے فائرنگ کردی۔ زخمی خاتون کے مطابق ان پر 4 گولیاں فائرکی گئیں جس میں سے ایک ان کے سینے سے آر پار ہوگئی تھی۔

شاہ تاج نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے مقامی موبائل فون ڈیلر سے 6 ماہ قبل ویوو موبائل فون قسطوں پر خریدا تھا، جس کی 3 ہزار روپے ماہانہ قسط طے پائی تھی، لیکن معاشی حالات کی خرابی کے باعث اس مرتبہ قسط کی ادائیگی میں تاخیر ہوگئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp