تیل کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ ، پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹرولیم ڈیلرز اور تیل کمپنیوں کے مطالبے پر حکومت نے ان کے مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

یہ فیصلہ آج نگراں وزیرخزانہ شمشاد اختر کی زیرصدارت نگراں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں ہوا۔ ای سی سی کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل پر 3.5 روپے مارجن بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد 15 ستمبر سے پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

ای سی سی کے فیصلے کے مطابق پہلے مرحلے میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے15 ستمبر سے47 پیسےفی لیٹرمارجن بڑھے گا۔ جبکہ ڈیلرز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل پر 1.64 روپے فی لیٹر مارجن بڑھایا جائے گا۔  ڈیلرز کے لیے پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے مارجن 41 پیسے فی لیٹر بڑھایا جائے گا۔

ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیلرز کا مارجن پہلے 7 روپے فی لیٹر تھا جو کہ اب بڑھ کر 8.64 روپے فی لیٹر ہو جائے گا، اس کے علاوہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن پہلے 6 روپے فی لیٹر تھا جو کہ اب بڑھ کر 7.87 روپے فی لیٹر ہو جائے گا۔

واضح رہے پاکستان میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک ماہ کے دوران 50 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافے سے مہنگائی کی شرح مزید بڑھ گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ڈالر کی قدر میں اضافے اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔

پی آئی اے ری اسٹرکچرنگ

نگراں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے پلان بنانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ پی آئی اے نے ایف بی آر کو 1.3 ارب کی ادائیگیاں مؤخر کرنے کی استدعا کی تھی تاہم ای سی سی اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کیلئے1.3 ارب روپے کی گرانٹس کی سمری مسترد کردی گئی۔

ای سی سی اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پی آئی اے کو مالیاتی ری اسٹرکچرنگ میں معاونت فراہم کریں۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت دفاع کی 40 ارب روپے ضمنی گرانٹس منظور کرلی گئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp