ایرانی تیل کی اسمگلنگ کے خلاف ایکشن، بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ بندی

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایرانی تیل کی اسمگلنگ روکنے کے لیے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ایرانی تیل کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی شاہراہ کوئٹہ روڈ پر خود ناکہ لگایا۔

اس موقع پر آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن اور ڈی پی او حسن افضل بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے سینکڑوں گاڑیوں کی تلاشی کرائی، ڈرائیوروں کے کوائف اور گاڑیوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی، پورے کوائف والی گاڑیوں کو تلاشی کے بعد روانہ کر دیا گیا۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے بواٹا، راکھی گاج اور سخی سرور چیک پوسٹ کراس کرکے آنے والی ایرانی تیل سے بھری گاڑیاں ایئرپورٹ روڈ کے نزدیک پکڑ لیں،اس دوران ڈرائیوروں اور عملہ کے موبائل فون قبضہ میں لے لیے گئے، روٹس پر موجود پنجاب پولیس اور بی ایم پی کے ایس ایچ اوز بھی موقع پر طلب کر لیے گئے۔

کمشنر ڈی جی خان نے کوئٹہ روڈ کی تمام چیک پوسٹس کے عملہ کو شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر ایرانی تیل کی غیر قانونی نقل و حمل پر سخت کارروائی ہوگی اور ایرانی تیل سمیت دیگر اشیا کی اسمگلنگ پر گاڑیاں تھانوں میں بند کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی تیل اور غیر ملکی اشیا  کی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث چیک پوسٹ عملہ کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تیل اور دیگر اشیا  کی غیر قانونی ترسیل سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنرز رضوان نذیر، محمد اسدچانڈیہ، پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان مشتاق ٹوانہ، اسسٹنٹ کمشنرز عثمان غنی، زاہد اقبال، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر امیر مسلم،ایس ای پبلک ہیلتھ شعیب فیاض،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ذوالقرنین حیدر اور دیگر افسران بھی ناکہ پر موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp