24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 82 نئے کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد ڈیڑھ ہزار سے زیادہ ہوگئی

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں ڈینگی کی وباء ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 نئے مریض سامنے آگئے۔

سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 نئے مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔

جاری رپورٹ میں انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 1709 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 681 کا تعلق صرف لاہور سے ہے۔

علی جان خان کا کہنا ہے کہ لاہور میں گزشتہ روز ڈینگی کے 44 نئے مریض سامنے آئے، راولپنڈی میں 20، ملتان میں 5، فیصل آباد میں 4، قصور میں 3، جبکہ گوجرانوالا، ننکانہ صاحب، بہاولپور، چکوال، جھنگ اور چنیوٹ میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 93 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 52 مریض زیر علاج ہیں۔ رواں سال پنجاب میں کوئی شہری ڈینگی کی وجہ سے جاں بحق نہیں ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp