سعودی عرب کے وہ مقامات جو پاکستانی شخصیات اور علاقوں سے منسوب ہیں

ہفتہ 9 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب اور پاکستان کا تعلق دو عام سے ملکوں کا سفارت کاری پر مبنی تعلق نہیں بلکہ دینی شعائر کی وجہ سے جہاں پاکستانی عوام سعودی عرب کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ وہیں مملکت اور اس کے مکین بھی پاکستان اور پاکستانیوں کو خصوصی درجہ دیتے ہیں۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت متعدد شہروں میں کئی ایسے مقامات ہیں جو پاکستانی شخصیات سے موسوم ہیں۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال، معروف اسلامی مفکر مولانا سید ابوالاعلی مودودی اور ’بطل باکستانی فرمان علی خان‘ کے ساتھ ساتھ پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کے نام پر بھی ایک مقام سعودی عرب میں موجود ہے۔

سعودی دارالحکومت ریاض کے علاقے غرناطہ کی ایک طویل شاہراہ کو ’شارع محمد علی جناح‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ریاض کی معروف شاہراہ حائل کے قریب واقع شاہراہ کو مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال سے منسوب کر کے ’شارع محمد اقبال‘ کہا جاتا ہے۔

معروف اسلامی مفکر اور پاکستانی عالم دین سید ابوالاعلی مودودی سے منسوب شاہراہ سعودی شہر دمام میں موجود ہے۔

دمام کی سڑک کو شارع ابو الاعلی المودودی کا نام دیا گیا ہے۔

سعودی عرب باالعموم اور اہل جدہ کے لیے باالخصوص 7 دسمبر 2009 ایک ایسا مشکل دن تھا جب شہر کا نصف حصہ طوفانی بارش کے بعد سیلابی ریلوں کا سامنا کر رہا تھا۔ مختلف علاقوں سے املاک کی تباہی اور انسانی جانوں کے زیاں کی اطلاعات آ رہی تھیں۔

ایسے میں پاکستان کے علاقے سوات سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے کچھ ایسا کیا کہ مقامی آبادی آج بھی اسے ’بطل پاکستانی فرمان علی خان‘ (پاکستان کا بیٹا فرمان علی خان‘ کہتی ہے۔

مزید جانیں: پاکستان میں سعودی شخصیات سے منسوب اہم مقامات

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرمان خان نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے 14 افراد کو سیلابی ریلے سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اتنی مشقت طلب کوششوں کے بعد بجائے آرام کے وہ نوجوان 15ویں فرد کو بچانے سیلابی ریلے کے سامنے پہنچا لیکن اسی دوران خود بھی تیز بہتے پانی کا شکار ہو کر جان قربان کر گیا۔

فرمان علی خان کی اس کوشش کے بعد جہاں انہیں قومی ہیرو کا درجہ دیتے ہوئے مملکت کے اعلی ترین سوال اعزاز ’شاہ عبدالعزیز میڈل درجہ اول‘ سے نوازا وہیں جدہ کی اہم شاہراہ کو ’شارع فرمان علی‘ کا نام دیا گیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں ہی ایک اور سڑک ہے جسے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے منسوب کیا گیا ہے۔ مملکت میں مقیم پاکستانیوں کے مطابق اس شاہراہ کے بورڈ پر ’شارع اسلام آباد‘ لکھا دیکھ کر انہیں بےاختیار اپنے وطن کی یاد آنے لگتی ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp