سرینگر میں پوسٹر چسپاں،گروپ 20 ممالک سے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے مدد طلب

جمعہ 8 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے گروپ 20 کے رکن ملکوں پر زور دیا گیاہے کہ وہ نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مودی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر اور دیگر علاقوں میں یہ پوسٹرز آزادی پسند تنظیموں ریزسٹنس یوتھ فورم جموں و کشمیر، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، ریزسٹنس یوتھ فورم جموںوکشمیر، جموں کشمیر یوتھ موومنٹ، جموں و کشمیر جسٹس اینڈ پیس موومنٹ اور نوجوانانِ حریت جموں کشمیر نے چسپاں کیے ہیں۔

پوسٹرز میں گروپ 20 ارکان پر زور دیا گیا کہ وہ اس بات کا ادراک کر لیں کہ بھارت نے مذموم مقاصد کے تحت مقبوضہ جموں وکشمیر میں فورم کے اجلاس منعقد کیے۔ ان اجلاسوں کے انعقاد کا واحد مقصد عالمی برادری کو یہ تاثر دینا تھا کہ مقبوضہ علاقے میں حالات بالکل ٹھیک ہیں۔

ان پوسٹرز میں اقوام متحدہ پر بھی زور دیا گیا کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرائے اور اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کروا کے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلائے۔

پوسٹرز میں لکھا ہے کہ’بھارت گروپ 20 فورم کو مقبوضہ کشمیر میں اپنے وحشیانہ مظالم پر پردہ ڈالنے اور علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے اپنے جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔‘

تنظیموں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی اپنی مذموم کوششیں بند کرے، ظالمانہ قوانین منسوخ کرے اور علاقے سے اپنی فوج کا انخلا عمل میں لائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp