صدر مملکت نے انتخابات کی فوری تاریخ نہ دی تو وہ آئین کی بیحرمتی کے مرتکب ہوں گے، پی ٹی آئی

جمعہ 8 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عام انتخابات کی تاریخ کے بلا تاخیر اعلان کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں متنبہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے فوری ایسا نہ کیا تو وہ آئین کی بیحرمتی کے ذمہ دار ہوں گے۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد پاس کی گئی جس میں   صدر مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے فوری تعین کا مطالبہ کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ دستور کا آرٹیکل (5)48 قومی اسمبلی کی قبل ازوقت تحلیل کی صورت میں صدرِمملکت کو انتخابات کے انعقاد کے لیے 90 روز کی مدّت کے اندر کسی تاریخ کے تعیّن کا پابند بناتا ہے چنانچہ صدرِمملکت اپنا دستوری فریضہ نبھائیں اور آئین کی بالادستی یقینی بناتے ہوئے بلاتاخیر ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔

پی ٹی آئی کو کمیٹی کا کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی صدر کے منصب کا کلیدی تقاضا ہے اور اگر انہوں نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کیا تو وہ آئین کی بے حرمتی اور عوام کے بنیادی  آئینی دستوری و جمہوری حقوق کی پامالی کے ذمہ دار ہوں گے۔

قرادار میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے جس میں اسے آئینی، سیاسی، جمہوری، انتظامی، معاشی اور سماجی سطح پر نہایت پیچیدہ مسائل اور بحرانوں کا سامنا ہے۔

کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ اپریل 2022 میں رجیم چینج سازش کے غیرجمہوری اور غیرآئینی اقدام نے ریاستی ڈھانچے اور نظمِ حکومت میں فساد و انتشار کو جنم دیا جس نے قومی سلامتی، مِلّی یکجہتی، قومی تعمیر و ترقی، جمہور کے بنیادی حقوق اور ان کی زندگیوں میں ناقابلِ تصور ہیجان و اضطراب پیدا کیا اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس ہیجان و اضطراب میں شدت آرہی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں  بالترتیب 14 اور 18 جنوری 2023 کی تحلیل کی گئیں لیکن پی ڈی ایم حکومت نے  دستور کے آرٹیکل (2)224 کی منشا کے مطابق 90 روز میں انتخابات کے انعقاد سے گریز کیا۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سپریم کورٹ کے 4 اپریل 2023 کے فیصلے سے یکسر انحراف نے ایک جانب آئین شکنی کا دروازہ کھولا ہے تو دوسری جانب قوم میں گہری تشویش کو جنم دیا۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو درپیش کثیرالجہت بحرانوں کے مؤثر حل کے لیے جمہور کی منشا کی حامل حکومت کا قیام لازمی آئینی تقاضا اور وقت کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp