بدعنوانی میں برداشت کی حد صفر، سزا و جزا کے تصّور کو عملی جامہ پہنائیں گے، وزیر اعلٰی بلوچستان

جمعہ 8 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ بلوچستان کے نگراں وزیراعلٰی میر علی مردان خان ڈومکی نے  سرکاری محکموں میں بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت  کی ہے

جمعہ کو نگراں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت بلوچستان محکمہ انسدادِ بدعنوانی (اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ)  کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان سرکاری وسائل کے استعمال میں بدعنوانی اور ضیاع کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

نگران دور حکومت میں بدعنوانی میں برداشت کی حد صفر ہوگی، وزیراعلیٰ

وزیر اعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ نگران دور حکومت میں بدعنوانی میں برداشت کی حد صفر ہوگی۔بلوچستان کے بارے میں مالی بدعنوانی کے تاثر کو ہمیں مل کر دور کرنا ہو گا۔

بدعنوان افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، وزیراعلیٰ

انہوں نے ہدایت کی کہ محکمے اور ادارے اپنے مالی امور کو بہتر بنا کر بے ضابطگیوں کو ٹھیک کریں، بلوچستان میں سزا و جزا کے تصّور کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، جس کے تحت اچھا کام کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی اور بدعنوانی میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بد عنوانی اور مالی ضابطگیوں میں ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے دیگر دیانت دار افسران میں بدلی پھیلتی ہے، جس کا سدّ باب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں پائی جانے والی کالی بھیڑوں کی نشاندہی ضروری ہے۔ بدعنوان عناصر بلوچستان کا مستقبل تاریک کر رہے ہیں۔

محکمہ انسدادِ بدعنوانی کو مزید متحرک اور فعال بنانے کا فیصلہ

اجلاس میں محکمہ انسداد بد عنوانی کو مزید متحرک اور فعال بنانے، جدید خطوط پر استوار کرنے اور دیگر محکموں سے ماہرین کو ڈیپوٹیشن پر لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے اجلاس کے دوران محکمہ انسدادِ بدعنوانی کو زیر تحقیق کیسز کو فوری طور پر نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) سے کہا گیا کہ وہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سے زیر تکمیل منصوبوں کی تفصیل لے کر ان کا جائزہ لیں۔

جعلی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اجلاس میں جعلی ہاؤسنگ اسکیموں کے ذریعہ عوام سے پیسے ہتھیانے والوں کے خلاف تحقیات کا آغاز کرکے گھیرا تنگ کرنے اور منصوبوں کے صر ف کاغذات تک محدود ہونے اور زمین پر نظر نہ آنے کی اطلاعات کی تحقیقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری شکیل قادر خان، سیکریٹری ایس اینڈ جی اے بابر خان اور ادارے کے ڈی جی سہیل انور ہاشمی نے بھی شرکت کی اور وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp