ایشیا کپ 2023، سپر فور مرحلہ: سری لنکا مسلسل جیت کی بارش میں نہا رہا ہے

ہفتہ 9 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا ایشیا کپ 2023 میں اپنی سپر فور مرحلے کی مہم آج سے بنگلہ دیش کے خلاف کولمبو میں شروع کرے گا۔

ایک طرف جہاں سری لنکا میں مسلسل ہونے والی بارشوں کی وجہ سے ایشیا کپ شدید متاثر ہے وہیں دوسری جانب سری لنکن کرکٹ ٹیم پر بھی جیت کی بارش جاری ہے۔

سری لنکا نے اگر آج کے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے دی تو آسٹریلیا کے بعد لگاتار سب سے زیادہ میچ جیتنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی۔ ابھی سری لنکا نے اپنے آخری  مسلسل 12 میچز جیت کر پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کا ریکارڈ برابر کر رکھا ہے۔ پاکستان نے مسلسل 12 میچ جیتنے کا ریکارڈ 08-2007 میں جبکہ ساؤتھ افریقہ نے ایک بار 2005 جبکہ دوسری بار 17-2016 میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

کرکٹ کی تاریخ میں اب تک  لگاتار سب سے زیادہ میچ جیتنے کا ریکارڈ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے پاس ہے جنہوں نے لگاتار 21 میچز جیت رکھے ہیں۔ آسٹریلیا نے یہ ریکارڈ 2003 میں بنایا تھا جو آج تک قائم ہے۔

آج کے میچ میں سری لنکا کو جہاں ایک طرف ہوم کنڈیشنز کا فائدہ حاصل ہے وہیں دوسری جانب انکے بیٹر دیمتھ کرونا رتنے کا یہ سال بھرپورفارم کا سال بھی ہے۔ انہوں نے رواں برس اب تک 51.40 کی اوسط سے 514 رنز بنا رکھے ہیں۔

دوسری جانب ان کی پا تھم نسانکا کے ساتھ شراکت داری بھی کمال کی چل رہی ہے، دونوں نے سری لنکا کے لیے اوپننگ کرتے ہوئے جون سے لے کر اب تک 11 اننگز میں 812 رنز بنا رکھے ہیں۔

دونوں ٹیموں کی گزشتہ پانچ میچوں کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو سری لنکا نے اپنے تمام میچز جیت رکھے ہیں جبکہ بنگلہ دیش نے 3 میچ ہارے جبکہ 2 میچوں میں کامیابی حاصل کر رکھی۔

شائقین کی توجہ کا مرکز کھلاڑی:

داسن شناکا:

لنکن کپتان داسن شناکا پہ اس سال قسمت کی دیوی بہت مہربان ہے ایک طرف انہوں نے سری لنکا کو مسلسل 12 میچز جتا رکھے ہیں دوسری جانب انہوں نے (باوجود اسکے کہ وہ بہت نیچے بیٹنگ کرنے آتے ہیں) پا تھم نسانکا کے بعد سب سے زیادہ اسکور بھی بنا رکھے ہیں۔

مشفیق الرحیم:

بنگال ٹائیگر مشفیق الرحیم نے آخری 10 اننگز میں 57.25 کی اوسط سے 458 رنز بنا رکھے ہیں۔ ایک وقت تھا کہ مشفیق الرحیم کی ٹیم میں جگی بھی نہیں بنتی تھی مگر جب سے انہوں نے اپنے آپ کو میچ ختم کرنے والے کھلاڑی کے روپ میں ڈھالا ہے تووہ بنگلہ دیش کے خطر ناک ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

پلیئنگ الیونز:

دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیونز کے حوالے سے بات کی جائے تو بظاہر یہی دکھائی دیتا ہے کہ دونوں ٹیمیں بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اتریں گی۔

پچ اور موسم کی صورتحال:

آرپریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ عمومی طور پر سپنرز کے لیے سازگار ہوتی ہے ۔ اس میدان کا اوسط اسکور 267 رنز (دن کی روشنی میں) جبکہ فلڈ لائٹس میں 255 رنزہے۔
موسم کی رپورٹ کے مطابق بری خبر یہ ہے کہ کل کے میچ میں 68 فیصد بارش کے امکانات ہیں جو کہ میچ کو بری طرح متاثر کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp