مراکش میں ہولناک زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے زیادہ، پاکستان کا اظہار یکجہتی

ہفتہ 9 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مراکش میں 6 اعشاریہ 8 شدت کے زلزلے سے  ہلاکتوں کی تعداد 1000 ہوگئی ہے۔ وزارت داخلہ مطابق تباہ کن زلزلے میں کم از کم 672 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ماراکیش شہر کے جنوب مغرب میں 71 کلومیٹر دور اطلس کے پہاڑی سلسلہ میں تھا، جب کہ اس کی گہرائی 18.5 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

ہائی اطلس پہاڑوں کے ایک دور دراز علاقے میں زلزلے کا مرکز نسبتاً کم  گہرا تھا اور اطلاعات کے مطابق تقریباً 350 کلومیٹر دور دارالحکومت رباط سمیت کاسابلانکا اور الصویرہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر296 ہلاکتوں سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کا بتایا گیا تھا  جب کہ کئی مکانات اور عمارتیں زمین بوس ہوگئی ہیں۔

جنوبی افریقی ملک مراکش کی وزارت داخلہ نے ہلاکتوں میں اضاٖفہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اب تک اس تباہ کن زلزلہ میں مجموعی طور پر 1000 سے زیادہ اموات ریکارڈ کی جاچکی ہیں، جب کہ 672 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد بڑے علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی ہے جبکہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

مراکش کی وزارت داخلہ کے مطابق ماراکیش شہر اور جنوب میں کئی علاقوں میں لوگ ہلاک ہوئے۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی شب 11 بج کر 21 منٹ پر آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی جس کے 19 منٹ بعد 4 اعشاریہ 9 شدت کے مزید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔

زلزلہ کے بعد مراکشی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک عارضی رپورٹ کے مطابق، زلزلے سے الحوز، مراکش، اوارزازیٹ، عزیلال، چیچاؤ اور تارودنت کے صوبوں اور میونسپل علاقوں میں کم از کم 296 شہری ہلاک ہوئے جب کہ 153 افراد زخمی اور ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس سابقہ ٹوئٹر پر غیر تصدیق شدہ ویڈیو کلپس میں تباہ شدہ عمارتوں، دوسری عمارتوں کو لرزتے ہوئے اور ملبے سے بھری سڑکوں کی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کی گئی ہیں۔ مقامی آبادی کی ایک بڑی تعداد نے تاریخی شہر میں زلزلہ کے باعث اپنے گھروں سے باہر رہنے رات گزارنے کو ترجیح دی۔

پاکستان کا اظہارِ یکجہتی

پاکستان نے مراکش میں تباہ کن زلزلہ سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پردلی ہمدردی اورتعزیت کااظہارکرتے ہوئے کرتے ہوئے کہاہے کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے عوام اورحکومت مراکش کی حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

دفترخارجہ کی ترجمان زہرہ بلوچ نے ہفتہ کو اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت مراکش کی حکومت کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کل آنے والے زلزلے میں المناک جانی نقصان پر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت نے مراکش کو اپنی مدد کی پیشکش سے بھی آگاہ کیا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ رباط میں پاکستان کےسفارت خانے نے پاکستانی کمیونٹی سے حفاظت کے بارے میں رابطہ بھی کیا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں۔ترجمان نے کہاکہ اس سانحے کے تناظر میں وزارت خارجہ صورتحال کی نگرانی جاری رکھیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp