پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے اغوا اور جبری گمشدگی کی شدید مذمت کیساتھ عثمان ڈار کو فوری طور پر بازیاب کرنے اور مجاز عدالت کے روبرو پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لاقانونیت اور غنڈہ گردی کی شرمناک تاریخ رقم کرنے والی ریاستی مشینری کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جبری طور پر لاپتا کرنے کا نیا سلسلہ سامنے آیا ہے۔
مزید پڑھیں
بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے سینیٹر عون عباس بپّی، پھر صداقت علی عباسی اور اب عثمان ڈار کو اغواء کیا گیا ہے۔ جبری طور پر لاپتا کیے جانے کے بعد عمائدین کو ذہنی اور جسمانی کوفت پہنچا کر تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی کے جاری بیان کے مطابق تحریک انصاف کو کچلنے کا یہ نیا پیٹرن بھی پہلے حربوں کی طرح ناکام ہوگا۔ ریاستی غنڈہ گردی کا پورے عزم و استقلال سے مقابلہ کریں گے اور آئین و قانون کو ان کی گرفت سے آزاد کروائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کمزوری اور اضمحلال کی افسوسناک کیفیت سے باہر نکلے اور بنیادی حقوق و قانون کے تحفظ کے حوالے سے ان غنڈہ صفت عناصر کو اپنے وجود کا احساس دلوائے۔