پاک بھارت ٹاکرا: کولمبو میں بارش کے باعث کھیل ملتوی، بقیہ میچ کل ہوگا

اتوار 10 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں بھارت کی بیٹنگ جاری تھی کہ اچانک بارش شروع ہو گئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا، انتظار کے باوجود بارش تھم نہ سکی جس کے باعث میچ اب ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بقیہ میچ اب کل بروز پیر کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے خلاف میچ میں اب تک بھارت کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔

آج کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

بھارتی اوپنرز نے آغاز میں پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی، پاکستان کے خلاف بھارت کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب بھارتی کپتان روہت شرما شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد میچ کے 19ویں اوور میں بھارتی اوپنر شبھمن گل شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔بھارتی ٹیم نے 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنا لیے ہیں۔

قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ ہم بھارت کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کوشش کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ پہلے باؤلنگ کا فیصلہ پچ دیکھ کر کیا ہے۔ ہمارے تمام کھلاڑی فارم میں ہیں۔

ہمارے پاس کم بیک کا بہترین موقع ہے، روہت شرما

دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ ہم کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ اسکور کریں۔ ہمارے پاس کم بیک کا بہترین موقع ہے۔ کوشش کریں گے کہ پاکستان کو بڑا ہدف دیں۔ ہمارے لیے ہر میچ جیتنا بڑا اہم ہے۔ بارشوں کے دوران وقفے میں تیاری کا موقع ملا۔

پاکستان اسکواڈ

بھارت کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، فہیم اشرف، افتخار احمد اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔

بھارتی اسکواڈ

آج کے میں پاکستان کے خلاف بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجا، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج شامل ہیں۔

کولمبو میں بارش کا 90 فیصد امکان

سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے آج کولمبو میں بارش کا 90 فیصد امکان ظاہر کیا تھا، مگر صبح کے وقت شہر میں سورج نکلا ہوا تھا، میچ شروع ہونے کی دیر تھی کی اچانک بارش شروع ہو گئی۔ اور صرف 24 اوورز کا میچ ہو سکا۔

واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے اعتراضات پر پیر کا دن ریزرو ڈے کے طور پر رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

قومی ٹیم جیت کے لیے پرعزم ہے، میچ کی تیاریوں سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انہیں واضح طور پر پتہ ہوتا ہے کہ انہوں نے کس کھلاڑی کو کھلانا ہے یا میچ میں کس کمبینیشن کے ساتھ جانا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی پر اعتماد ہے اور کوئی کھلاڑی اس تذبذب کا شکار نہیں ہے کہ کیا ہوگا۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے اہم یہی ہے کہ ہم نے میچز اور ٹورنامنٹس کیسے جیتنے ہیں اور مل جل کر کیسے رہنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp