خیبرپختونخوا : ایم ڈی کیٹ امتحان میں نقل کا جدید رجحان، متعدد طلباو طالبات گرفتار

اتوار 10 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر کے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے انٹری ٹسٹ یعنی ایم ڈی کیٹ کا بیک وقت انعقاد ہوا، تاہم خیبر پختونخوا میں منعقدہ اس امتحان میں بلیو ٹوتھ ڈیوائس سمیت جدید ٹیکنالوجی سے نقل کرنیوالے درجنوں امیدواروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

نقل کی کوشش پر درجنوں طلباو طالبات گرفتار، ڈیوائس برآمد

محکمہ اعلی تعلیم کے مطابق ٹیسٹ کو شفاف بنانے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی تھی جنہوں نے مختلف مراکز میں امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ جس دوران ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ کرنے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے درجنوں امیدواروں کو رنگے ہاتھوں نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

محکمہ اعلی تعلیم کے مطابق انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایک گروہ بلیو ٹوتھ ڈیوائسز سے طلباء کو ٹیسٹ میں مدد کرے گا اور ڈیوائس سے امتحانی ہالوں میں امیدواروں نے پرچہ آؤٹ کر کے حل کرنا تھا۔ اس غیر قانونی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایٹا حکام نے بروقت کارروائی کی اور درجنوں طلباء و طالبات کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

گرفتار امیدواروں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے، جو ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرے گی۔

کے پی میں 46 ہزار امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا

خیبر پختونخوا  میں مجموعی طور پر 46 ہزار سے زائد امیدواروں نےٹیسٹ میں حصہ لیا۔جس کے لیے صوبے بھر میں 44 جب کہ پشاور میں 22 امتحانی سینٹرز قائم کیےگئے تھے۔ محکمہ اعلی تعلیم کے مطابق خیبرپختونخوا میں مجموعی طور ٹیسٹ کا انعقاد پر امن ماحول میں ہوا، اور کسی کو بھی نقل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ملک کے 31 شہروں میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد امیدواروں نے ٹیسٹ دیا

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق ملک میں ایک ہی وقت میں ایم ڈی کیٹ امتحان 2023 کا انعقاد ہوا۔ جو ملک بھر کے 31 شہروں میں بیک وقت لیا گیا، جس میں 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں 66875 امیدوار، سندھ میں 40528، خیبر پختون خوا میں 46439، بلوچستان میں 9230، گلگت میں 926، آزاد کشمیر میں 4036 اور اسلام آباد میں 12118 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ امتحان دیا۔

بین الاقوامی سینٹرز

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے بین الاقوامی سینٹرز میں 382 طلبا نے اس امتحان میں حصہ لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق بین الاقوامی سطح پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں بھی ایم ڈی کیٹ کا امتحان لیا گیا ہے۔ دبئی میں 185 امیدوار جبکہ سعودی عرب میں 197 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp