کراچی میں اسمگل شدہ ایرانی پیٹرول کتنے میں فروخت ہو رہا ہے؟

اتوار 10 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 ملک بھر میں اسمگلنگ کے خلاف آپریشن زوروشور سے جاری ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اسمگلنگ مکمل طور پر رک چکی ہے؟ اس سوال کا جواب جاننے کے لیے وی نیوز نے رخ کیا کراچی کے ان علاقوں کا جہاں ایرانی پیٹرول سڑک کنارے پلاسٹک کی بوتلوں میں فروخت کیا جاتا ہے۔

ایرانی پیٹرول کیسے بیچا جاتا ہے؟

کراچی میں ایرانی پیٹرول عام طور پرسڑک کنارے درخت کی چھاؤں میں بیچا جاتا ہے، اسکی نشانی یہ ہے کہ اگر آپ کو دور سے پلاسٹک کی بوتلیں لٹکی نظرآجائیں تو سمجھ جائیں کہ اس جگہ ایرانی پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے، اس کاروبار سے منسلک افراد کا اصل نشانہ وہ سنسان علاقے ہوتے ہیں جہاں پیٹرول پمپ نہیں ہوتے اورزیادہ تر خریدارموٹرسائیکل سوارہوتے ہیں۔

اسمگلنگ آپریشن کے ایرانی تیل پر اثرات

کراچی میں اب بھی ایرانی تیل کی فروخت جاری ہے، آپ کو سڑک کنارے پلاسٹک کی بوتلیں لٹکتی دکھائی دیں گی۔ وی نیوزنےمختلف ٹھیلوں پرتیل خریدنے کے بہانے قیمتیں دریافت کیں تو عقل دھنگ رہ گئی، کراچی میں اس وقت ایرانی تیل 290 روپے فی لیٹر مل رہا ہے۔

ایرانی تیل مہنگا کیوں مل رہا ہے؟

اس کاروبارسےمنسلک سڑک کنارے بیٹھے درجن بھرافراد سے جب سوال کیا گیا کہ تیل اتنا مہنگا کیوں مل رہا ہے توانکا کہنا تھا کہ تیل آنے میں دشواری کا سامنا ہے، انہیں پیچھے سے ہی تیل 270 روپے فی لیٹرکا مل رہا ہے اور وہ اسے 290 روپے فی لیٹرکے حساب سے بیچ رہے ہیں۔

ڈپوؤں میں کتنا ایرانی تیل بچا ہے؟

ایک تاجرنے وی نیوز کوبتایا کہ ڈپوؤں میں تیل ختم ہونے والا ہے جسکی وجہ ہے تیل مہنگا مل رہا ہے، سختی کے باعث تیل کا ڈپو تک پہنچنا مشکل ہوچکا ہے۔ ایک تاجر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اب کیا کریں گے، اگریہ کام غیرقانونی ہے بھی تواسے قانونی حیثیت دی جائے ورنہ اس کاروبار سے منسلک ہزاروں افراد سڑکوں پر آجائیں گے۔

ایرانی تیل کی قیمت میں تیزی سے اضافہ

ایرانی تیل فروخت کرنے والے ایک تاجرکا کہنا تھا کہ عام تیل اورایرانی تیل کی قیمت میں 50 فیصد کا فرق ہوتا تھا، یہی وجہ ہے کہ ہمیں بھی اچھی خاصی بچت مل جاتی تھی لیکن گزشتہ چند ہفتوں میں یہ فرق 20 روپے سے بھی کم کا رہ گیا ہے، اب ہم سے پیٹرول وہی لے گا جس کی گاڑی میں پٹرول بیچ سڑک میں ختم ہوجائے ورنہ خریدنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

پولیس کی موجودگی میں ایرانی تیل کی فروخت

کراچی کے علاقے گلزارہجری میں اس وقت دلچسپ منظرسامنے آیا جب ایرانی پیٹرول کی چھپرنما دکان کے بالکل سامنے ہی پولیس موبائل بھی موجود تھی جبکہ پولیس اہلکار اب تک اسمگلنگ کے خلاف آپریشن سے لاعلم نکلے، یعنی پولیس کی سیکیورٹی میں بحفاظت ایرانی تیل کی خریدو فروخت کا سلسلہ کراچی میں جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp