وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) خیبر پختونخوا زون کا حوالہ ہُنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن جاری، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے مزید 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اتوار کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) خیبر پختونخوا زون کے ترجمان نے بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ کمپوزٹ سرکل بنوں، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ایبٹ آباد میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں میں حوالہ ہنڈی اور کرنسی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افراد میں ایک کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں ظہیر اللہ کو لکی مروت، عبدالمالک اور عبداللہ نذیر کو کوہاٹ سے گرفتار کیا گیا ہے جب کہ بادشاہ نور اور جہانزیب کو ڈیرہ اسماعیل خان اور عزت اللہ کو ایبٹ آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
’ایف آئی اے ‘ کے مطابق گرفتار ملزمان بادشاہ نور اور جہانزیب کپڑے کے کاروبار کی آڑ میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچنج میں ملوث تھے۔ مبینہ ملزمان سے مجموعی طور پر 8 لاکھ 63 ہزار روپے, 1090 قطری ریال، 500 سعودی ریال اور 300 امریکی ڈالر برآمد کر لیے گئے۔
گرفتار ملزمان سے ہنڈی حوالہ سے متعلق رسیدیں اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئےہیں جب کہ ان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔