دبئی چیمبر آف کامرس میں پاکستان کی مزید 3,300  کمپنیوں کی شمولیت

اتوار 10 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دبئی چیمبر آف کامرس میں 2023 کی پہلی سہ ماہی میں مزید 3,300 سے زیادہ پاکستانی کمپنیوں نے شمولیت اختیار کی ہے ۔

چیمبر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر 30,146 نئی کمپنیاں چیمبرمیں شامل ہوئی ہیں ۔

پہلی سہ ماہی میں چیمبر آف کامرس میں متحدہ عرب امارات کی 4,445 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں ، پاکستان 3,395 نئے کاروباری اداروں کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پرہے ، پاکستانی کمپنیوں کی شمولیت کی شرح میں سالانہ بنیادوں پر59 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے ۔

دبئی چیمبر آف کامرس (ڈی سی سی) کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد علی رشید لوتا نے بتایا کہ نئی کمپنیوں میں مختلف قوموں کے کاروباری افراد کی شمولیت نے دبئی کے متحرک کاروباری ماحول کی رونق میں اضافہ کردیا ہے ۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ واقعی ایک مثبت پیش رفت ہے جو پاکستانی تاجر برادری اور سمندر پار پاکستانیوں کی کاروباری صلاحیتوں کواجاگر کر رہا ہے ۔

پاکستان کے سفیرنے کہاکہ متحدہ عرب امارات نے عالمی اقتصادی شراکت داری کے ذریعے اپنی معیشت کو متنوع بنانے پر توجہ مرکوزکی ہے ، متحد عرب امارات (یواے ای) میں مختلف شعبوں میں منافع بخش کاروباری مواقع موجودہیں، دبئی ایک مثالی جگہ ہے جہاں سے پاکستان دیگر خلیجی ریاستوں اور مشرق وسطی کے باقی حصوں کے ساتھ کاروبار کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کے دوران امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 1.6 ملین سے بڑھ کر 1.8 ملین ہو گئی تھی، پاکستانی متحدہ عرب امارات کی معیشت کے ہر شعبے میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے سفارتی مشنز نے دبئی چیمبر آف کامرس (ڈی سی سی) کے ساتھ فعال رابطہ برقرار رکھنے اور پاکستانی تاجروں کے ساتھ چیمبروں کے ساتھ نئے مواقعوں کا اشتراک کرکے ملکی کاروبار میں سہولت فراہم کی ہے۔

حالیہ برسوں میں، متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہمارے تجارتی روابط میں مزید وسعت آئی ہے جس نے پاکستان میں مقیم تاجروں اور کاروباری اداروں کو مقامی دفاتر قائم کرنے اور مقامی چیمبرز میں خود کو رجسٹر کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔

پاکستان کے سفیرنے کہاکہ مشن نے نان ٹیرف رکاوٹوں کو حل کرکے تجارت کو آسان بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ پاکستانی مشن نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کو تیزی سے آگے بڑھانے میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے جس پر ستمبر کے آخر تک دستخط کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp