ایشیا کپ 2023: پاک بھارت ٹاکرا آج بھی بارش کی نذر ہونے کا امکان

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور بھارت  کے درمیان کھیلے جانے والا میچ بارش کی وجہ سے ریزرو ڈے پر شیڈول کیا گیا ہے، تاہم کولمبو پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا میچ آج بھی بارش سے متاثر ہونے کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کولمبو میں آج بھی بادل چھائے ہوئے ہیں اور وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موسم کی صورت حال کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والا میچ آج بھی بارش سے متاثر ہوسکتا ہے۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری پاک بھارت میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور گزشتہ روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا۔

بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔ کے ایل راہول 17 اور ویرات کوہلی 8 رنز پر دوبارہ سے اننگز کا آغاز کریں گے۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ ریزرو ڈے پر میچ کو مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ریزرو ڈے کو گزشتہ ہفتے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے سپر 4 کے اس اہم میچ میں شامل کیا گیا تھا، اس کے ساتھ ساتھ فائنل کے لیے بھی ایک ریزرو ڈے کو شامل کیا گیا ہے۔

ریزرو ڈے پر آج وہیں سے کھیل شروع ہو گا جہاں گزشتہ روز ختم ہوا تھا۔

تاہم شائقین کرکٹ گزشتہ روز کے ٹکٹس پر آج بھی میچ دیکھنے پریماداسا اسٹیڈیم جا سکیں گے۔

واضح رہے اس سے قبل بھی ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا بارش کی نذر ہوچکا ہے جس میں بارش کے باعث کسی نتیجے کے بغیر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔

 

پاکستان اسکواڈ

بھارت کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، فہیم اشرف، افتخار احمد اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔

بھارتی اسکواڈ

آج کے میں پاکستان کے خلاف بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجا، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp