پاکستان کسٹمز بلوچستان نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 1لاکھ 30 ہزار کلو گرام چینی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان پاکستان کسٹمز بلوچستان ڈاکٹر عطا بڑیچ کے مطابق زیارت فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ اور لکپاس کسٹمز نے مختلف کارروائیوں میں 2600 پارسلز چینی برآمد کی ہے۔
ڈاکٹر عطا بڑیچ کے مطابق بلوچستان کسٹمز نے کوئٹہ ژوب روٹ پر چینی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ٹرکوں سے 800 پارسلز چینی برآمد کی، ٹرکوں کو شک کی بنا پر روکا گیا تو ڈرائیورز چینی کے این او سی کی تصدیق نہیں کروا سکے۔
دوسری جانب کسٹم انفورسمنٹ لکپاس نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے تعاون سے کارروائی کر کے مختلف گاڑیوں سے 1800 پارسلز چینی برآمد کی۔
دونوں کارروائیوں میں 1 لاکھ 30 ہزار کلو گرام چینی برآمد کی گئی جس کی قیمت کروڑوں روپے بنتی ہے، کسٹم پاکستان نے چینی تحویل میں لے کرقانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کی رات کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک سے بھی سینکڑوں ٹن چینی برآمد کی گئی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر کچلاک ارسلان چوہدری کی سربراہی میں آئی بی اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کر کے کوئٹہ کے نواحی علاقے چکلاک میں 3 گوداموں پر چھاپہ مار کر ذخیرہ کی گئی 250 ٹن چینی قبضے میں لی تھی۔