ایشیا کپ سپر 4 مرحلہ: بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے شکست دے دی

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارت نے پاکستان نے کو 228 رنز سے شکست دے دی ہے۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں بارش کے بعد ریزرو ڈے میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو مقررہ 50 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر357 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 32 ویں اوورز میں 128 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ بھارت نے پاکستان کو 228 کے بڑے مارجن ہرا کر سپر4 مرحلے کا پہلا میچ اپنے نام کر کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن کر دیے۔

بھارت کے 356 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو پاکستانی بیٹرز شدید دباؤ کا شکار نظر آئے۔ پاکستان کے اوپنر بیٹر امام الحق محض 18 گیندوں پر 9 رنز اسکور کر کے جسپرت بومرا کی گیند پر شبمان گِل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی دوسری اور انتہائی اہم وکٹ کپتان بابر اعظم کی تھی جو محض 24 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ہارتک پانڈیا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس طرح پاکستان کے 11 اوور میں 44 کے مجموعی اسکور پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد ایک بار پھر بارش کے باعث دونوں ایمپائر نے میچ کو روک دیا اور دونوں ٹیمیں میدان سے باہر آ گئیں۔

بارش تھم جانے کے بعد پاکستان نے اپنی اننگز کا پھر آغاز کیا تو اس کا کوئی بھی کھلاڑی کریز پر جم کر نا کھیل سکا۔

پاکستان کی طرف سے فخر زمان نے 27 ، محمد رضوان نے 2 ، سلمان علی آغا نے 23، افتخار احمد 23 ، شاداب خان 6، فہیم اشرف  4 اور شاہین آفریدی نے 7 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کو ایک نقصان حارث رؤف کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے بھی ہوا۔ حارث رؤف انجرڈ ہونے کے باعث نہیں کھیل سکے اس طرح پاکستان کی ٹیم 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہی تھی۔

بھارت کی طرف سے سب سے زیاد عمدہ باؤلنگ بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو نے کی انہوں نے 25 رنز دے کر پاکستان کے  5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جسپرت بمرا، ہارتک پانڈیا، شردُل ٹھاکر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بھارت کی طرف سے مین آف دی میچ عمدہ باؤلنگ کی بدولت کلدیب یادیو کو دیا گیا

بھارت کی ٹیم کی خاص بات یہ ہے کہ بھارت کے 2 کھلاڑیوں نے 50 سے زیادہ رنز اسکور کیے جب کہ 2 کھلاڑیوں نے نا قابل شکست رہتے ہوئے سینچریاں اسکور کیں۔

یہ بھی پڑھیں ایشیا کپ: بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

بھارت کی طرف سے روہت شرما اور شبمان گل نے اتوار کو ہی عمدہ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے اوپنر پارٹنر شپ میں 114 رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کو ایک اچھا اسٹارٹ فراہم کر دیا تھا۔

 اننگز کے پہلے روز روہت شرما نے 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 49 بالوں پر 56 رنز اسکور کیے انہیں شاداب خان کی گیند پر فہیم اشرف نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا، ان کا ساتھ دینے والے شبمان گل نے بھی عمدہ کھیلتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 52 گیندوں پر 58 رنز اسکور کیے، انہیں شاہین آفریدی کی گیند پر سلمان علی آغا نے کیچ پکڑ کر پویلین بھیجا۔

اس کے بعد ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے ریزرو ڈے میں ٹیم کے مجموعی اسکور کو 356 رنز تک پہنچایا اور پاکستان کے لیے میچ کو مشکل ترین بنا دیا۔

ریزرو ڈے میں 8 رنز پر سے اپنی اننگز کا آغاز کرنے والے ویرات کوہلی نے 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 94 بالوں پر 122 رنز بنا ڈالے اور آؤٹ نہیں ہوئے، اس طرح ویرات کوہلی دُنیائے کرکٹ میں تیز ترین 13000 رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں ایشیا کپ 2023، سپر فور مرحلہ: سری لنکا مسلسل جیت کی بارش میں نہا رہا ہے

ریزرو ڈے میں 17 رنز سے آغاز کرنے والے کے ایل راہول نے بھی ویرات کوہلی کا خوب ساتھ نبھایا، انہوں نے 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 106 گیندوں پر 111 رنز بنائے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔

اتوار کو پاکستان اور بھارت کا سپر 4 مرحلے کا اہم ترین میچ سری لنکا کے شہر کولمبو میں بارش کی وجہ سے ریزرو ڈے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تاخیر کا شکارمیچ دوبارہ شروع ہوا تو حارث رؤف کے بغیر پاکستانی باؤلنگ اٹیک کو آغاز سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کوئی بھی باؤلر ریزرو ڈے میں وکٹ نہ حاصل کر سکا۔

کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سپر 4 مرحلے کا میچ بارش کی وجہ سے مقررہ وقت پر شروع نہیں ہو سکا تھا جس پر دونوں ایمپائرز نے کھیل کو دوبارہ 4 بج کر 10 منٹ پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اتوار کو شروع ہونے والا پاک بھارت میچ پیر کو وہاں ہی سے  شروع ہوا جہاں گزشتہ روز ختم ہوا تھا۔ پاک بھارت میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور اتوار کو بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp