پنجاب میں ورکرز کی کم از کم اجرت 32 ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی گئی

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کی نگراں کابینہ نے صوبے میں ورکرز کی کم از کم اجرت 32 ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی، وزیر اعلٰی محسن نقوی نے کم از کم تنخواہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 25 واں اجلاس ملتان میں منعقد ہوا جس میں 39 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، کابینہ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام شریک تھے۔

اجلاس میں پنجاب کابینہ نے ورکرز کی کم از کم اجرت 32 ہزار روپے کرنے کی منظوری دیدی، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن فوری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

پنجاب کابینہ نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین میں بزرگوں، معذور افراد اور طلباء و طالبات کو فری سہولت دینے کی بھی منظوری دی ہے۔

صوبائی کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین میں بزرگوں، معذور افراد اور طلباء و طالبات کو مفت ٹکٹ ملے گا۔

کابینہ نے سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجزمیں سیشن برائے 2023-24 کے لیے داخلہ پالیسی کے لیے کمیٹی کی سفارشات کی منظوری بھی دے دی۔

کابینہ نے اسموگ سے نمٹنے کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی، وزیر اعلٰی محسن نقوی نے اسموگ سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

کابینہ میں صحافیوں اور ان کے خاندانوں کی فلاح وبہبود کے لیے بھی ایک ارب روپے سے انڈومنٹ فنڈ کے اجراء کی منظوری دی۔

وزیر اعلٰی محسن نقوی نے جنوبی پنجاب کے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملتان میں وائلنس اگینسٹ وویمن سینٹر کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی۔

اجلاس میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پروگرام اور سڑکوں کی تعمیرومرمت کی اسکیموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp