پاکستانی سال میں اوسطاً کتنی سبزی کھاتے ہیں؟

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی ماہرین نے سبزیوں کے استعمال کے حوالے سے ایک تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی ہے کہ دنیا میں ہر شخص اوسطاً کتنی سبزی کھاتا ہے اور پاکستان میں یہ تناسب کتنا ہے جب کہ طبی نقطہ نظر سے ہر شخص کو کتنی سبزی کھانی چاہیے۔

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سالانہ فی کس سبزیوں کا استعمال صرف 50 کلو گرام ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں ہر شخص سالانہ اوسطاً 105 کلوگرام سبزیاں استعمال کرتا ہے۔

ماہرین نے بتایا ہے کہ طبی نقطہ نگاہ سے ہر شخص کے لیے سال میں کم از کم 73 سے 80 کلوگرام سبزیوں کا استعمال ضروری ہے۔

انہوں نے بتایاکہ چین میں شرح امراض نہ ہونے کے برابرہے کیوں کہ وہاں تقریباً ہر شخص سال میں 311 سے 315 کلو گرام سبزیاں استعمال کرتا ہے جس کے باعث ان میں بیماریوں کی شرح بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت، زرعی ماہرین اور کاشتکار ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں لہٰذا شعبہ زراعت، توسیع و ریسرچ ڈیپارٹمنٹ، زرعی ماہرین کے تعاون سے کاشتکاروں کے مسائل حل کر کے زرعی شعبے کو ترقی دی جا سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت صوبہ بھر میں کچن گارڈننگ کے فروغ کے لیے بھر پور اقدامات کر رہا ہے جس سے عوام کو سستی، تازہ و معیاری سبزیاں میسر آسکیں گی۔

انہوں نے بتایاکہ گھریلو سطح پر سبزیاں کاشت کر کے سبزیوں پر اٹھنے والے اخراجات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ کاشتکاروں کی رہنمائی اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے مستفید کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp