کراچی: تاجر سے بھتہ طلب کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو)، سی آئی اے نے کارروائی عمل میں لائی ہے اور کپڑے کے تاجر سے بھتہ طلب کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

بنارسی ساڑھی مارکیٹ کے ایک تاجر کو 23 اگست کو گھر کے دروازے پر ایک لفافہ موصول ہوا جس میں بھتے کی پرچی تھی، تاجر سے 25لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا۔

اس کے بعد 29 اگست کو نامعلوم ملزمان نے تاجر کو کال کر کے دھمکی دی کہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں اس کی دکان کو آگے لگانے کے ساتھ ساتھ اس کے خاندان کو بھی نقصان پہنچایا جائے گا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو کراچی جنید احمد شیخ نے بتایا کہ وقوعہ کا مقدمہ تھانہ اورنگی ٹاؤن میں درج ہوا جس کی تفتیش ایس آئی یو نے کی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیکنیکل اور انٹیلی جنس بنیاد پر کام کرنا شروع کیا۔

ایس ایس پی کے مطابق دوران تفتیش ایس آئی یو کو اس وقوعہ میں ملوث 3 بھتہ خوروں کی اورنگی ٹاؤن میں موجودگی کی اطلاع ملی۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ بھتہ خور ملزمان کی شناخت ذیشان، عبدالرحمان اور رمضان کے ناموں سے ہوئی ہے، گرفتار ملزمان سے بھتہ طلب کرنے کے لیے کال میں استعمال ہونے والا موبائل فون برآمد کر لیا گیا ہے۔

ایس آئی یو کے مطابق ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp