2017 کا تسلسل برقرار رہتا تو جی 20 اجلاس آج پاکستان میں ہوتا، نواز شریف

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 2017 میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، اگر وہی تسلسل برقرار رہتا تو آج جی 20 اجلاس پاکستان میں ہوتا۔

سابق وزیراعظم آج جب لندن میں اپنے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر پہنچے تو انہوں نے میڈیا سے مختصر گفتگو کی۔

اس موقع پر ایک صحافی نے نواز شریف سے جی 20 اجلاس سے متعلق سوال کیا کہ ہمارے پڑوس میں یہ اہم اجلاس ہوا تو پاکستان شریک کیوں نہیں ہوا۔

نواز شریف نے اس سوال کے جواب میں کہاکہ ہمارے ملک میں اگر 2017 کا تسلسل رہتا تو ہم کب کے جی 20 میں شامل ہو چکے ہوتے۔

11 ستمبر کو سابق وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کی برسی سے متعلق بھی صحافی نے نواز شریف سے پوچھا کہ آج اہلیہ کی برسی پر کیا کہیں گے، اس پر نواز شریف نے کہا انہیں دعاؤں میں یاد رکھیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کے سلسلے میں بیرون ملک موجود ہیں، انہیں پاکستان کی عدالتوں نے پاناما پیپرز کیس میں سزاسنائی ہے اور تاحیات نااہل قرار دیا ہے۔

’گزشتہ اسمبلی نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کرتے ہوئے نااہلی کی زیادہ سے زیادہ مدت 5 سال کی ہے، مگر ابھی اس کی قانونی تشریح ہونا باقی ہے‘۔

نواز شریف نے اب اکتوبر میں وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے، ان کے بھائی سابق وزیراعظم شہباز شریف کئی بار کہہ چکے ہیں کہ نوازشریف جلد وطن واپس آ کر قانون کا سامنا کریں گے۔ حالیہ دورہ لندن کے دوران شہباز شریف نے اکتوبر میں نواز شریف کے وطن آنے کی نوید سنائی تھی اور نواز شریف کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ واقعی نواز شریف اکتوبر میں پاکستان میں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں رسک زیرو ہونے تک نواز شریف کی واپسی کا نہیں سوچیں گے، خواجہ آصف

چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطابندیال کی ریٹائرمنٹ قریب آنے پر بھی مسلم لیگ ن کے کارکنان میں یہ امید جاگ اٹھی ہے کہ اب ان کے قائد نواز شریف جلد وطن واپسی کی راہ لیں گے، کیوں کہ مسلم لیگ ن کے سینیئر قائدین یہ کہہ چکے ہیں کہ موجودہ چیف جسٹس کے ہوتے ہوئے وہ کوئی رسک لینے کی پوزیشن نہیں، کیوں کہ انہیں انصاف کی امید نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp