چھ فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلہ کے نتیجے میں اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پینتالیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ ملبے کے نیچے سے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ترکیہ میں زلزلہ کی نذر ہونے والوں کی تعداد انتالیس ہزار چھ سو بہتر ہوچکی ہے جبکہ شام میں پانچ ہزار آٹھ سو افراد جاں بحق ہوئے۔
ریسکیو ٹیموں نے ایک پینتالیس سالہ خاتون کو ملبے سے زندہ نکال لیا ہے ۔ وہ دو سو اٹھہتر گھنٹے ملبے کے نیچے دبی رہیں ۔ اسی طرح ایک مرد کو بھی دو سو انتالیس گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا۔
اقوام متحدہ نو فروری سے اب تک امدادی سامان سے بھرے ایک سو اٹھہتر ٹرک شام کے شمال مشرقی علاقے کی طرف روانہ کرچکا ہے۔