الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خط کا جواب دے دیا، الیکشن کمیشن ممبران کی جانب سے صدر مملکت کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر عارف علوی کو جوابی خط ارسال کر دیا گیا جس میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی جانب سے 20 فروری کے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ممبران اور اعلی حکام ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا تھا ، جس میں کہا تھا کہ ایکٹ کے تحت عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو سیکشن 57 کے تحت الیکشن پر مشاورت کی دعوت دی تھی۔ خط میں صدر مملکت نے عام انتخابات جیسے اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کی بے حسی پر ناراضی کا بھی اظہار کیا تھا۔