فروٹ فلائی کے حملے کی وجہ سے پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں 90 فیصد تک کمی ہو جاتی ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجا ب کے مطابق پھل کی مکھیاں پھلوں اور سبزیوں کو نقصان پہنچاتی ہیں جس کی وجہ سے پیداوار میں 90 فیصدتک کمی ہو جاتی ہے۔
مکھیوں کی اقسام
صوبہ پنجاب میں پھل کی مکھی کی 4 اقسام پائی جاتی ہیں اوریئنٹل پھل کی مکھی،آڑو کی مکھی،خربوزہ کی مکھی اوربیر کی مکھی۔تمام مکھیوں کا دوران زندگی تقریبا ایک جیسا ہوتا ہے۔
مارچ سے لے کر نومبر تک ان کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ مادہ مکھی پھل کے چھلکے میں انڈے دینے والی سوئی چبھو کر بھورے سفید رنگ کے انڈے دیتی ہے۔ کچھ دنوں کے بعد ان انڈوں میں سے سفید اور لمبوتری سنڈیاں نکل آتی ہیں جوگودے میں داخل ہو کر اسے کھاتی ہیں۔
جب یہ سنڈیاں پورے قد کی ہو جاتی ہیں تو پھل کے چھلکے میں سوراخ کر کے با ہر نکل آتی ہیں اور زمین پر گر جاتی ہیں۔ بعدازاں یہ سنڈیاں زمین میں داخل ہو کر کو یا کی شکل میں تبدیل ہو جا تی ہیں۔
کویا سے پر دار مکھیاں نکل کر زمین سے با ہر آجاتی ہیں اور اس طرح اس کیڑے کی افزائش نسل جاری رہتی ہے۔
ان مکھیوں سے بچاؤ کے لیے کیا کیا جائے؟
کاشتکار ترشاوہ پھل کی نر مکھی کو کنٹرول کرنے کے لیے فیرومون (میتھائل یوجینال) استعمال کریں جو ترشاوہ پھل کی نر مکھی کے لیے بے حد کشش رکھتا ہے۔
نر مکھی کو کنٹرول کرنے کے لیے اسپینوسیڈ2 فیصد اورمیتھائل یوجینال51فیصد کا پیسٹ بحساب 5 سے 6 گرام فی پودا تنے کے اوپر ایک میٹر کی اونچائی پر ایک ایکڑ میں 5 سے 10 پودوں پر لگائیں اور یہی عمل 3سے 4 ہفتوں کے بعد دوبارہ دوہرائیں۔میتھائل یوجینال10حصے اور میلاتھیان یا سپینوسیڈ زہر کا ایک حصہ اکٹھے ملاکر محلول تیار کیاجاتا ہے۔
خربوزہ کی مکھی کے نر کے لیے کیو لیور کشش رکھتا ہے اس لیے سبزیوں میں Cue Lure والے پھندے استعمال کیے جائیں۔ Cue Lureکی مقدار 95 فیصداور اسپینوسیڈ کا 5فیصد محلول تیار کیا جائے۔ پروٹین ہائیڈرو لائی سیٹ کی قلیل مقدار بھی مادہ مکھی کو بہت زیادہ کھینچتی ہے۔
پروٹین ہائیڈرو لائی سیٹ میں کسی زہر کو ملا دیا جاتا ہے اور مادہ مکھیاں اس زہرآلود پروٹین ہائیڈرولائی سیٹ کوکھاتے ہی مر جاتی ہے۔
اسپینوسیڈ0.02فیصد اور پروٹین ہائیڈرو لائی سیٹ99.8فیصد کا بیٹ (Bait)آدھا لٹر 3.5سے4.5لٹر پانی میں ملا کر ایک ایکٹر میں ہر دوسرے پودے پر ایک سے ڈیڑھ مربع میٹر جگہ پر سپاٹ سپرے کریں۔ پھل لگنے سے پکنے تک 10سے 15دن کے وقفہ سے 3 سے 4 مرتبہ سپرے کریں یاپروٹین ہائیڈرو لائی سیٹ 300ملی لٹر + میلاتھیان 30ملی لٹر+پانی9.67 لٹر ملا کرکل 10 لٹر محلول تیار کر لیا جاتا ہے جس سے 100 پودوں پر سپرے کیا جا سکتاہے۔
کسی بھی باغ میں اس محلول کا استعمال صرف 50 فیصد پودوں پر کیا جائے۔ ترشاوہ باغات میں 10 دن کے وقفہ سے جولائی سے دسمبراور فروری سے اپریل تک کیا جاتا ہے۔ تیا ر شدہ پھل اور سبزی کو جلد ی تو ڑ لیں اور جنسی پھندے لگا کر مکھیوں کو تلف کریں۔ چنائی کے بعد پھل کو 60 منٹ کے لئے 5 فیصد نمک کے محلول میں رکھیں جس سے پھل کی مکھی کے انڈے مر جائیں گے۔