زیادتی کی ویڈیو بنا کر بلیک میل کیا گیا، کراچی کے اسکول پرنسپل کے خلاف 2 خواتین کے انکشافات

منگل 12 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کے روبرو اسکول پرنسپل کی خواتین سے مبینہ زیادتی کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران 2 متاثرہ خواتین نے اپنے بیانات قملمبند کرائے۔

پولیس کی جانب سے دونوں خواتین کے بیانات قلمبند کرنے سے متعلق درخواست دائر کی گئی تھی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے خواتین کو بیانات کے لیے پیش کرنے کا حکم دیا۔

خواتین عدالت میں پیش ہوئیں اور ایک خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ جب مجھے عرفان کی گرفتاری کا علم ہوا تو خود پولیس اسٹیشن بیان دینے گئی تھی، ملزم عرفان نے مجھے ملازمت کا جھانسہ دیا تھا، ملازمت کا لالچ دے کر ملزم نے میرے ساتھ زیادتی کی اور میری ویڈیو بھی بنائی تھی۔

خاتون بے بتایا کہ ویڈیو بنانے کے بعد  مجھے دھمکی دی تھی کہ تمہاری ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردوں گا اور یہی وہ ملزم  ہے جو اس وقت عدالت میں موجود ہے۔

ایک اور متاثرہ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ عرفان نے مجھے نوکری کا جھانسہ دے کر ہفتے والے دن اسکول بلایا اور مجھے دفتر میں بٹھا کر گیٹ بند کرنے کے بعد مجھے ڈرایا اور کہا  کہ شور مت مچانا، ملزم نے کہا کہ اس  کام کے آپ کو 50 ہزار سیلری ملے گی۔

متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عرفان نے مجھے کہا کہ ہفتے کو آنا آپ کی نوکری شروع ہوجائے گی، ملزم نے ہفتے کو پھر میرے ساتھ وہی حرکت کی میرے منع کرنے پر مجھے تھپڑ مارے اور دھمکی دی کہ سوشل میڈیا پر میری ویڈیو ڈال دے گا۔ خاتون نے مزید بتایا کہ میں گھریلو مسائل کی وجہ سے پریشان تھی اس لیے میں نے کسی کو نہیں بتایا اور عدالت میں موجود عرفان ہی میرا ملزم ہے۔

پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر گرفتار اسکول پرنسپل عرفان کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا اور استدعا کی گئی کہ ابھی تفتیش جاری ہے مزید متاثرہ خواتین سے رابطے کیے جا رہے ہیں اس لیے ملزم عرفان کے مزید ریمانڈ کی استدعا ہے عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے عرفان  کے جسمانی ریمانڈ میں 4 دن کی توسیع کردی۔

عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر ملزم کو پیش رفت رپورٹ کے ہمراہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp