نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ گلگت بلتستان کے حوالے سے غلط فہمیوں کو دور کریں گے، ایک دوسرے کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے، حکمت اور عمل سے غلط فہمیوں کو دور کریں گے اور آئینی معاملات پر مشاورت کریں گے۔
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کا دورہ کرتے ہوئے کہاکہ گلگت کے لوگوں نے ہمارا بہترین استقبال کیا ہے، گلگت کے لوگوں کا استقبال تادم مرگ یاد رہے گا۔ گلگت میں جتنے بلند پہاڑ ہیں اتنے ہی ان لوگوں کے حوصلے بلند ہیں۔
’گلگت بلتستان کے ساتھ تسلسل کے ساتھ جڑے رہنے کی کوشش کریں گے۔‘
انہوں نے کہاکہ انسان ایک جیسے نہیں ہوتے، تبدیلی کا مرحلہ جاری رہتا ہے، انسان کبھی تنہا مسائل حل نہیں کرسکتا، جو غلط فہمیاں پیدا کی گئیں ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں
ان کا کہنا تھاکہ غلط فہمیوں کی بنیاد پر دوریوں کا خاتمہ ضروری ہے، ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرنا بھی ضروری ہے، جلد اپنے پاؤں پر کھڑے ہوجائیں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ سیاحت، توانائی اور دیگر شعبوں میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، کسی کو معاشرے کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
نگراں وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ کسی نشست کے لیے اب بولی نہیں لگے گی، ہم بولیاں لگانے نہیں بولیوں کا گلہ گھونٹنے آئے ہیں۔ یہاں کے آئینی سوالات پر دوستوں سے تفصیلی بات ہوئی ہے، کوشش ہوگی ان کی شناخت کو جلد آئینی جوابات مل جائیں۔