عوام کے لیے محفوظ ماحول برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے، نگراں وزیر اعظم

ہفتہ 26 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ ملک اور قوم کا تحفظ ضروری ہے، عوام کے لیے محفوظ ماحول برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم نے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو بھی سراہا ہے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال سے متعلق اعلٰی سطح اجلاس ہوا جس میں نگراں وفاقی وزراء سرفراز احمد بگٹی، شاہد اشرف تارڑ، سمیع سعید، نگران وزیرِ اعلٰی بلوچستان علی مردان خان ڈومکی اور کور کمانڈر بلوچستان آصف غفور سمیت اعلٰی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مجموعی سیکیورٹی صورت حال پر صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا اور کہاکہ تحفظاتی معاملات میں ریاستی ردعمل کو مضبوط بنانے کے لئے قانونی ڈھانچے کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

نگراں وزیر اعظم نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی سطح پر عوام کو معاشی اور اقتصادی ترقی کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے، وسائل کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لانے کے لیے جدید اور تخلیقی حکمت عملی تشکیل دینا ناگزیر ہے۔

واضح رہے نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ میں ملکی، بالخصوص بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تمام وزراء اور عسکری قیادت شریک ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp