ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اچانک اضافہ کیوں ہوگیا؟

بدھ 13 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ تقریبا ایک ہفتے سے ملک بھر میں گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوچکا ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافے سے لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد موسم کی صورتحال پر تشویش ظاہر کر رہے ہیں۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ملک کے بیشتربالائی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، سیالکوٹ، نارووال، جہلم  اور گجرات میں چند مقامات پر  تیز ہواؤ ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

گرمی میں اچانک اضافہ کی وجہ کیا ہے اور کب تک موسم بہتر ہو پائے گا ؟

اسی حوالے سے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل میٹ ڈیپارٹمنٹ شاہد زاد خان نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی مون سون ختم ہوتا ہے، اس کے بعد گرمی کی شدت میں ہمیشہ اضافہ ہوتا ہے۔ مگر 15 تاریخ سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی کیونکہ مون سون کی بارشوں کا آخری سپیل شروع ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ تقریباً 17 تاریخ تک جاری رہے گا، پھر موسم بہتر ہونا شروع ہو جائے گا اور گرمی کی شدت کا زور ٹوٹ جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور دیگر شہروں میں بارشوں کا امکان نہیں ہے مگر بارشوں کی وجہ سے مجموعی طور پر ملک میں گرمی اور حبس میں کمی ہوگی۔

واضح رہے کہ ملک کے بیشتر میدانی بالخصوص جنوبی علاقوں میں چاول اور کپاس کی کاشت کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف، موسم خشک جب کہ دن کے وقت بیشتر جنوبی اور میدانی علاقوں میں موسم بدستور گرم درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

گزشتہ روزریکارڈ کیےگئے زیا دہ سے زیادہ درجہ حرارت :نوکنڈی 45 اوردالبندین میں 44 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp