فیکٹ چیک: جہاز میں گھسنے والے بھکاری کا تعلق پاکستان سے ہے؟

بدھ 13 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کر رہی تھی جس میں ایک بھکاری کو جہاز میں گھس کر بھیک مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ ویڈیو ایکس پر خوب وائرل ہوئی، صارفین ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھ رہے تھے کہ ایک فلائٹ پاکستان کے شہر کراچی سے بینکاک جا رہی تھی کہ اس میں ایک بھکاری گھس آیا جس سے ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کا پول کھل گیا۔

سوشل میڈیا صارف دلشاد علی نے ایکس پر لکھا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ، جہاز میں سندهی بھکاری گھس آیا، سیکورٹی کا مکمل پول کھل کر سامنے آ گیا، فلائٹ ٹی جے 507 گزشتہ روز کراچی سے بنکاک روانہ ہوئی، بھکاری چکمہ دے کر اندر داخل ہوا، بھکاری نے سیکورٹی اہلکاروں کو چکرا دیا، سول ایوی ایشن کی طرف سے معاملہ دبانے کی کوشش۔

شہزاد خان نے لکھا کہ بھکاری کو سمجھانے کے لیے ایئر ہوسٹس کی منت سماجت، غیر ملکی نجی ائیر لائن میں بھکاری گھسنے کا تاریخی واقعہ نجی ائیر لائن کے جہاز تک پہنچنے میں کئی سیکورٹی چیک پوائنٹ کراس کیے، سیکورٹی کا مکمل پول کھل کے سامنے آگیا، فلائٹ ٹی جے 507 گزشتہ روز کراچی سے بنکاک روانہ ہوئی، ذرائع

اسی طرح عمر حیات خان نے مذکورہ ویڈیو کے جواب میں لکھا کہ ائیر ہوسٹس کی منت سماجت، غیر ملکی نجی ائیر لائن میں بھکاری گھسنے کا تاریخی واقعہ، نجی ائیر لائن کے جہاز تک پہنچنے میں کئی سیکورٹی چیک پوائنٹ کراس کیے، سیکورٹی کا مکمل پول کھل کے سامنے آگیا. فلائٹ ٹی جے 507 گذشتہ روز کراچی کراچی جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے سے بنکاک روانہ ہوئی۔

کیا جہاز میں گھسنے والے بھکاری کا پاکستان سے کوئی تعلق ہے؟

تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا موقف ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی، بھکاری کی جہاز میں بھیک مانگنے کی ویڈیو کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ ویڈیو تقریباً 5 سال پرانی ہے، یہ ویڈیو 2018 میں قطر کے دارالحکومت دوحہ سے ایران کے شہر شیراز جانے والی پرواز کی ہے۔

اتھارٹی نے یہ بھی بتایا ہے کہ کراچی سے بینکاک کے لیے کوئی ٹی جی 507 فلائٹ آپریٹ نہیں ہوتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp