ایشیا کپ 2023ء کے سپر فور مرحلے کا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا، تاہم یہ اہم میچ بارش سے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
سری لنکا کے محکمہ موسمیات کے مطابق آج کولمبو میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے،96 فیصد امکان ہے کہ کولمبو میں آج تیز بارش ہو گی اور 31.1 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ آج سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ہونے والا میچ سیمی فائنل کی حیثیت رکھتا ہے، جو جیتے گا وہ 17 ستمبر کو بھارت کے خلاف فائنل کھیلے گا۔
اگر بارش ہوتی ہے اور میچ مکمل نہیں ہوتا یا بالکل نہ ہو تو پاکستان اور سری لنکا کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا، تاہم یہ صورت حال پاکستان کے لیے ٹھیک نہیں ہوگی کیونکہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سری لنکا فائنل میں پہنچ جائے گا۔