آج کا میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو کیا کرنا ہوگا؟

جمعرات 14 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے بولنگ کوچ مورنی مورکل سری لنکا کے خلاف پاکستانی اسپنرز کی حمایت میں سامنے آگئے، انہوں نے اس یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے اسپنرز سری لنکا کے خلاف اپنے آخری سپر 4 میچ میں اسپن دوست حالات کو دیکھتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

مورنی مورکل نے کہاکہ پاکستان کے اسپن بولرز موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔ جب ٹیم کو ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہو گی تو ان کو آگے بڑھنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اگر پچ کی صورت حال دیکھی جائے تو حالات اسپن دوست ہی لگ رہے ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ ہمارے اسپنرز اس وقت بہت محنت کر رہے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر وہ سب سے آگے رہیں گے کیونکہ تمام کھلاڑی میچ ونر ہیں، اور تجربہ کار ہیں۔

بولنگ کوچ مورنی مورکل نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی عدم موجودگی کو ٹیم کے لیے ایک اہم دھچکا قرار دیا ہے، انہوں نے نسیم شاہ کے انجرڈ ہونے پر اپنے خدشات کا اظہار بھی کیا۔

’نسیم شاہ کا نہ ہونا ایک بڑا دھچکا ہے لیکن نئے بولرز کے لیے بھی یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں سے اپنے آپ کو منوائیں۔‘

واضح رہے کہ نسیم شاہ کو بھارت کے خلاف میچ کے دوران دائیں کندھے کی انجری کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ بدقسمتی سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ زمان خان کو ان کے متبادل کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

چونکہ پاکستان اور سری لنکا دونوں فی الحال 2،2 پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں، آج کا میچ فیصلہ کن ہوگا، کہ کون سی ٹیم بھارت کے ساتھ 17 ستمبر کو فائنل کھیلے گی۔

تاہم اگر موسم کا جائزہ لیا جائے تو آج سارا دن کولمبو میں بارش کی صورت حال رہی، موسم کا حال بتانے والوں نے آج بھی بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔

یہ بھی واضح رہے کہ اگر میچ کے دوران بارش ہوگئی تو صورت حال سری لنکا کے حق میں چلی جائے گی، کیونکہ اس میچ کے لیے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا ہے، لہذا اگر بارش ہوئی تو سری لنکا کو ایک پوائنٹ ملے گا اور اچھے رن ریٹ کی بدولت بھارت کے ساتھ 17 ستمبر کو فائنل کھیلنے کا موقع مل جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp