ایشیا کپ: پاکستان کا فائنل میں رسائی کا خواب چکنا چور، سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا سے شکست

جمعرات 14 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ قومی ٹیم کا ایونٹ میں سفر تمام ہو گیا ہے۔

فائنل میں رسائی کے لیے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور مقررہ اوورز میں 252 رنز بنائے، جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے ہدف 42ویں اوور کی آخری بال پر حاصل کر لیا۔ ’بارش کی وجہ سے میچ 42 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا‘۔

میچ شروع ہونے سے قبل جب بارش ہو رہی تھی تو کھیل 45 اوورز تک محدود کیا گیا، بعد میں پاکستان کی بیٹنگ کے دوران ایک بار پھر بارش شروع ہو گئی اور میچ روکنا پڑا، اس دوران کھیل کو 42 اوورز تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں 252 رنز اسکور کیے، 30 اوورز میں 138 کے مجموعے پر جب 5 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تو اس کے بعد محمد رضوان اور افتخار احمد نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور اسکور میں اضافے کی وجہ بنے۔

پاکستان کی طرف سے محمد رضوان 73 بالز پر 86 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے، اس کے علاوہ عبداللہ شفیق 52 اور افتخار احمد نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب پاکستان کے اوپنر بیٹر فخر زمان 4 رنز بنا کر پرامود مدھوشن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ اس کے بعد دوسری وکٹ 73 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان بابر اعظم 34 گیندوں پر 29 اسکور کر کے پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد عبداللہ شفیق 52 رنز بنا کر متھیشا پتھیرانا کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد حارث 9 بالز پر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو پانچواں نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب محمد نواز 12 بالز پر 12 اسکور بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

اس سے قبل بارش کے باعث 2 بجے ہونے والا ٹاس بھی تاخیر کا شکار ہوا، گراؤنڈ کو مکمل طور پر کوور سے ڈھانپ لیا گیا تھا۔

سری لنکا کی بیٹنگ

سری لنکا نے 252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا، وکٹ گرنے کے باوجود اسکور بنانے کی رفتار کم نہیں ہوئی۔

سری لنکا کی طرف سے کوسشل مینڈس نے 87 بالز پر 91 رنز اسکور کیے، اس کے علاوہ سمرا وکرما نے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ  نی سنکا 29 اور کوسل پریرا 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے افتخار احمد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اسکواڈ

پاکستان نے اپنے اسکواڈ میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں، سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، شاہین آفریدی، فخر زمان، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد حارث، عبد اللہ شفیق، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان شامل تھے۔

سری لنکن اسکواڈ

سری لنکا نے بھی آج کے میچ میں ایک تبدیلی کی، سری لنکا کے اسکواڈ میں پتھم نسانکا، دمتھ کرونارتنے، کوسال مینڈس، سدھیرا سمارا وکراما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، داسون شناکا، مہیش تھیکشانا، پرامود مدوشن، متھیشا پتھیرانا اور ڈونتھ ولالجے شامل تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں پہنچنے کےلیے سری لنکا کے خلاف میچ میں کامیابی درکار تھی، آج کا میچ اگر بارش کی نذر بھی ہو جاتا تو قومی ٹیم فائنل میں رسائی حاصل نہ کر سکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp