پاکستان کے سب بڑے تجارتی و صنعتی شہر کراچی میں ایک اور روڈ کو برادر اسلامی ملک سے موسوم کر دیا گیا۔ جس کے بعد تبت سینٹر تا ریگل چوک تک روڈ کا نام’شاہراۂ مراکش‘ ہو گیا ہے۔
کراچی ’میٹرو پولیٹن کارپوریشن‘ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کی جانے والی ٹوئٹ میں اطلاع دی گئی ہے کہ ’ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے ضلع جنوبی میں تبت سینٹر سے ریگل چوک تک واقع سڑک کا نام شاہراہ مراکش رکھنے سے متعلق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی قرار داد کی منظوری دے دی ہے۔‘
کراچی انتظامیہ کی جانب سے شہر شاہراہ کو ’مراکش‘ سے منسوب کرنے کا فیصلہ برادر اسلامی ملک مراکش کے ساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دیرینہ تعلقات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے ضلع جنوبی میں تبت سینٹر سے ریگل چوک تک واقع سڑک کا نام شاہراہ مراکش رکھنے سے متعلق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی قرار داد کی منظوری دے دی ہے، pic.twitter.com/1nG5Cr1fPa
— Karachi Metropolitan Corporation (@KmcPakistan) February 17, 2023
واضح رہے کہ قبل ازیں کراچی انتظامیہ کی جانب سے ایس ایم لا کالج تا پی آئی ڈی سی تک شاہراہ کو ’مراکش‘ سے منسوب کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی، تاہم محکمہ انجینئرنگ کے توجہ دلانے پر کہ متعلقہ شاہراہ پہلے ہی ڈاکٹر ضیاء الدین احمد سے منسوب ہے، اس قرار داد کو منسوخ کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ہی تبت سینٹر تا ریگل روڈ کا نام ’شاہراۂ مراکش‘ رکھنے سے متعلق قرار داد کی منظوری دی گئی ہے۔
یہاں یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کراچی کی کسی روڈ کو کسی برادر اسلامی ملک سے موسوم کیا گیا ہے۔ صدر ٹاؤن کراچی کی حدود میں واقع ایک روڈ کا نام ’شاہراۂ عراق‘ ہے، جب کہ کلفٹن ٹاؤن میں دو تلوار سے باغ ابن قاسم تک روڈ کو ’شاہراۂ ایران‘ کا نام دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کراچی کی مرکزی شاہراہ سعودی فرماں روا کے نام پر ’شارع فیصل‘ کہلاتی ہے۔














