فوج ایک منظم ادارہ، سول اداروں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر کرنا ہو گی، نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ

جمعہ 15 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بجلی چوری، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی، فوج ایک منظم ادارہ ہے جہاں ضرورت پڑی فوج سے مدد لی جائے گی لیکن گورننس بہتر بنانے کے لیے سول اداروں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر کرنا ہو گی۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بجلی چوری، ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر بجلی چوری کے خلاف اپنی حکمت عملی بنا رہی ہے، بجلی چوری کے خلاف کارروائی مؤثر انداز میں جاری ہے۔

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بجلی چوری، ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف جہدوجہد جاری رہے گی، اسمگلنگ کے خلاف خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی حکومتیں بہترین کام کر رہی ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بنیادی طور پر ہمیں گورننس کے مسائل تھے، اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہم نے اپنا کام شروع کیا ہے، پچھلے 10 دنوں میں ڈالر ریٹ، اسمگلنگ اور بجلی چوری کے خلاف اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انتہائی قابل سول سروس ادارے موجود ہیں، باصلاحیت پولیس موجود ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ملٹری ایک منظم ادارہ ہے۔ جہاں ہمیں فوج کی ضرورت پڑے گی اس کا استعمال ہم ضرور کریں گے۔ گورننس بہتر کرنے کے لیے سول اداروں میں بھی بہتری کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو وسائل کے اندر رہتے ہوئے کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے، انوار الحق کاکڑ

اس سے قبل نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم کو پی آئی اے کی نجکا ری اور دیگر معاملات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ صارفین کو بین الاقوامی معیار کے ہوائی سفر کی فراہمی کے لیے قومی فضائی کمپنی کی جلد نجکاری نا گزیر ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

نگران وزیراعظم نے بیوروکریٹ فواد حسن فواد کو اپنی ٹیم میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو جلد از جلد تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp