محمد حفیظ کے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم کو مشورے

ہفتہ 16 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں ہونے والی ناکامی کو ہمیں تسلیم کرنا پڑے گا، بہتری کی طرف بڑھنے کے لیے ضروری ہے کہ ناکامی کو تسلیم کیا جائے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت ہماری جو ٹیم ہے یہی کھلاڑی کافی عرصے سے کھیل رہے ہیں، ایسی صورت میں پلیئرز پر بھی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

محمد حفیظ نے کہاکہ پوری قوم اپنی ٹیم کے ساتھ بہت پیار کرتی ہے، اور ہماری ہمیشہ یہی خواہش ہوتی ہے کہ کھلاڑی بھرپور پرفارم کریں۔

انہوں نے کہاکہ کہ ٹیم مینجمنٹ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو سوچنا ہو گا کہ ہماری پلاننگ میں کہاں کہاں غلطیاں ہوئی ہیں، ’مجھ سے رائے لی گئی تھی جس میں نے کہا کہ موجودہ مینجمنٹ کو برقرار رہنا چاہیے‘۔

سابق کپتان نے کہاکہ میں پُرامید ہوں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ اور کھلاڑی آگے بڑھنے کے لیے ضرور پلاننگ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سری لنکا کے خلاف میچ میں 3 تبدیلیاں کھلاڑیوں کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے ہوئیں، انجری کسی بھی وقت آ سکتی ہے، لیکن ہماری کوئی پلاننگ نہیں تھی کہ ایسا ہونے کی صورت میں متبادل کون ہوگا۔

محمد حفیظ نے کہاکہ ایشیا کپ سے قبل ہم نے کئی سیریز کھیلی ہیں مگر اس میں بھی ہمارے فرسٹ کلاس کھلاڑی ہی ٹیم میں شامل رہے، دیگر پلیئرز کو موقع ہی نہیں دیا گیا۔

زمان خان کو اچانک سری لنکا کے خلاف میچ میں بلایا گیا

ان کا کہنا تھا کہ زمان خان کو اچانک سری لنکا کے خلاف میچ میں بلایا گیا تھا، لہٰذا ان سے وہ توقع نہیں کی جا سکتی تھی جو حارث رؤف سے کی جا سکتی ہے۔ ’ایسی امید رکھنا تو ان سے زیادتی ہے‘۔

انہوں نے ایشیا کپ سے قبل کھلاڑیوں کے لگاتار لیگز کھیلنے پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جن لوگوں نے پلیئرز کو این او سی جاری کیے انہیں سوچنا چاہیے۔ ’لیگز کھیلنا جرم نہیں لیکن جب اتنے بڑے ایونٹ آ رہے ہوں تو پھر سوچنا چاہیے‘۔

محمد حفیظ نے کہاکہ آئندہ ورلڈ کپ کے لیے جو بھی ٹیم سلیکٹ ہو ہمیں اس کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں ایشیا کپ میں شکست کے باوجود پاکستان ورلڈ کپ کے لیے خطرناک ٹیم ہے، ناصر حسین

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایشیا کپ میں سفر سپر فور مرحلے میں ہی تمام ہو گیا ہے، سری لنکا کے خلاف میچ ہارنے کے بعد ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی، اس سے قبل بھارت کی جانب سے پاکستان کو بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اب ایشیا کپ کے بعد 5 اکتوبر سے بھارت میں ورلڈ کپ شروع ہو رہا ہے مگر اس سے قبل فاسٹ بولر نسیم شاہ اور حارث رؤف انجری کا شکار ہو گئے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ہفتے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا بھی اعلان کرنے جا رہا ہے۔

ٹیم کے اعلان سے قبل قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ آیا نسیم شاہ فٹ ہو کر ورلڈ کپ میں شریک ہوں گے یا ان کی جگہ کسی نئے بولر کو شامل کیا جائے گا، اور اگر کسی نئے بولر کو شامل کیا جائے گا تو وہ کون ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp