امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی، مریم نواز

اتوار 17 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے نئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی حلف برداری کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے امید ظاہر کی ہے کہ آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کے ہمراہ پارٹی کے مختلف ونگز کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کہ نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی، ان کی دعا ہے کہ ترازو کے پلڑے سب کے لیے برابر ہوں۔

انہوں نےکہا کہ امید ہے کہ نوازشریف اور ان کے مظلوم ساتھیوں کو ’پروجیکٹ‘ کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی، نوازشریف دشمنی کی سوچ اصل میں پاکستان دشمنی اور عوام دشمنی کی سوچ ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے ہر بار نوازشریف کو ’پلس ‘ کیا، انہیں ہر بار مائنس کرنے کی کوشش مائنس ہوگئی، نوازشریف کو اللہ تعالی نے سرخرو کردیا ہے، اب پاکستان کو سرخروکرنا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ اور ان کی جماعت صوبہ سندھ سمیت پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کا سفر لے کر جائیں گے، مسلم لیگ (ن) کی لڑائی مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیڈگورننس سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور اُن کے ساتھیوں نے بہادری اور ثابت قدمی سے ناانصافیوں کا سامنا کیا، اب وہی ملک وقوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں، اللہ تعالی نے پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی نوازشریف کے مقدر میں لکھی ہے۔

 

 مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوڈشیڈنگ، دہشت گردی ختم کی تھی، اب مہنگائی میں کمی کا وعدہ پورا کریں گے، عوام کے چہروں پر اطمینان اورمعاشی آسودگی دیکھنا چاہتے ہیں۔

نواز شریف ہی عوام کے دکھوں کا علاج ہیں، حمزہ شہباز

حمزہ شہباز نے پارٹی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو عوام نے جب بھی وزیراعظم بنایا انہوں نے عوام کو ریلیف دیا، وزیراعظم نوازشریف ہی پاکستان اور عوام کے دکھوں کا علاج ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عزت، سربلندی اورترقی کا منصوبہ صرف نوازشریف کے پاس ہے، عوام نوازشریف کو وزیراعظم نہیں بنارہے بلکہ اپنی خوشحالی کو یقینی بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ہمیشہ بحرانوں میں حکومت ملی لیکن انہوں نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا۔

21 اکتوبر کو نواز شریف کا شاندار استقبال کریں گے، یوتھ کوآرڈینیٹرز

دریں اثنا، مریم نواز اور حمزہ شہباز نے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے یوتھ کوآرڈینیٹرز کے اہم مشاورتی اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی۔ خواتین اور مرد یوتھ کوآرڈینیٹرز کی بڑی تعداد اس اجلاس میں شریک تھی۔

دوران اجلاس یوتھ کوآرڈینیٹرز نے نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے زبردست نعرے بازی کی اور جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔ نوجوان وزیراعظم نواز شریف کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے، انہوں نے مریم نواز اور حمزہ شہبازکے حق میں بھی زبردست نعرے بازی کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ وہ 21 اکتوبر کو نوجوانوں کے قائد نوازشریف کا بھرپور استقبال کریں گے، مسلم لیگ (ن) پاکستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل اور نوجوانوں کی جماعت ہے، فیصلہ سازی میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد مسلم لیگ (ن) کو یوتھ کی نمائندہ جماعت بنا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے یوتھ پروگرام نے نوجوانوں کو زندگی میں آگے بڑھنے میں بہت معاونت کی، دانش اسکول کے ذریعے تعلیمی وظائف اور روزگار کی فراہمی کے پروگرام نوازشریف اورشہبازشریف کی نوجوان دوستی کا ثبوت ہیں۔

شرکاء نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں 5 گنا اضافہ ہوا، نوازشریف نے روزگار ہی نہیں بلکہ وسائل بھی فراہم کرکے نوجوانون کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے صرف لڑکوں کو ہی نہیں لڑکیوں کو بھی تعلیم، صحت اور روزگار میں 50 فیصد مساوی مواقع فراہم کیے، لیپ ٹاپ اسکیم نے نوجوانوں کے لیے علم اور روزگار کے دروازے کھولے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp