عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹا لینا جار جیوا نے کہا ہے کہ پاکستان کو قرضوں کی ری سٹرکچرنگ نہیں ملک چلانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے ۔
جرمن ادارے ڈی ڈبلیو کوانٹرویو دیتے ہوئے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹا لینا جار جیوا کا کہنا تھا پاکستان میں امیر طبقے سے ٹیکس وصولی اور سبسڈیز ختم کرنے پر زور دیا ہے۔ زیادہ پیسہ کمانے والوں کو ٹیکس ریونیو میں حصہ ڈالنا چاہئے۔
ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا سرکاری اور نجی شعبے میں اچھا کمانے والوں کو اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں امیر لوگوں کو سبسڈیز سے مستفید نہیں ہونا چاہئے۔ سبسڈی صرف ان لوگوں کو منتقل کی جائے جنہیں واقعی اس کی ضرورت ہے۔ آئی ایم ایف بالکل واضح ہے کہ صرف غریبوں کو سبسڈی سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان کے غریب عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصا ن پر دکھ ہوا۔ سیلاب سے پاکستان کی ایک تہائی آبادی متاثر ہوئی۔